نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی : پنجاب حکومت کا 60 کروڑ روپے سے 520 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 جولائی 2017 11:58

نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی : پنجاب حکومت کا 60 کروڑ روپے سے 520 نئی گاڑیاں ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جولائی۔2017ء) نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی کے باوجود پنجاب حکومت نے 60 کروڑ روپے سے 520 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور محکمہ خزانہ ، پی اینڈ ڈی کے اعتراضات کے باوجود سمری صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے خزانہ کفایت شعاری کو بھجوادی گئی۔ پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا کہ اب کوئی بھی سرکاری محکمہ نئی گاڑی نہیں خریدے گا۔

پنجاب کے 36 سرکاری محکمے اور ضلعی حکومتوں سمیت اب نئے ایسے پراجیکٹ اور کمپنیاں بنا دی گئی ہیں جہاں آئے روز نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے ہر محکمہ بنام وزیر اعلیٰ پنجاب سمری ارسال کرتا ہے کہ انہیں نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے اجازت دی جائے جس پر محکمہ خزانہ آئے روز اعتراضات بھی عائد کرتا ہے لیکن اس کے باوجود یہ محکمے وزیر اعلیٰ کو مطمئن کرکے اپنے استعمال کے لیے گاڑیاں خرید لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں نئے مالی سال کے دوران 500 نئی گاڑیاں صرف ایک محکمے کے افسروں کے لیے خریدی جائیں گی محکمہ زراعت 341 سوزوکی وین اور 169 ٹویوٹا سنگل کیبن ڈالے خریدے گا اور 800 اور ہزار سی سی بولان وین زرعی آفیسر کے لیے خریدی جائیں گی۔ 169 سنگل کیبن ڈالے تحصیل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز آفیسر زراعت کے لیے خریدے جائیں گے۔ محکمہ خزانہ اور پی اینڈ ڈی کے اعتراضات کے باوجود نئی گاڑیوں کی منظوری دیدی گئی ہے۔

پی اینڈ ڈی کا ماتحت ادارہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل پنجاب کے لیے 90 لاکھ 50 ہزار روپے سے 4 نئی گاڑیاں خریدے گا ، جنوبی پنجاب فاریسٹ کمپنی کے لیے 1 کروڑ روپے مالیت کی 5 گاڑیاں خریدی جائیں گی ، نیوٹریشن سیل پی اینڈ ڈی پنجاب کے لیے 1300 سی سی ٹیوٹا کرولا خریدی جائے گی ، پنجاب ریسورس مینجمنٹ کے لیے 1000 اور 1300 سی سی کی تین نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی ، مانیٹرنگ اینڈ ایویلو ایشن کے لیے اے پی وین خریدی جائے گی ، ملٹی پل انڈیکٹر کلسٹر سروے کے لیے 8 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی ، وائلڈ لائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ کے لیے 1 کروڑ 32 لاکھ مالیت سے 4 نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔

اس حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب حکام کا کہنا تھا گاڑیوں کی خریداری سے متعلق فیصلہ کیا گیا ہے اور محکموں کی جانب سے سمری کی صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے خزانہ کفایت شعاری کی میٹنگ میں حتمی منظوری دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :