حسن، حسین اور مریم نواز نے جے آئی ٹی کی سورس میٹیریل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 جولائی 2017 11:16

حسن، حسین اور مریم نواز نے جے آئی ٹی کی سورس میٹیریل کو سپریم کورٹ میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2017ء) : وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں حسن ، حسین اور مریم نواز نے جے آئی ٹی کے سورس میٹیریل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں حسن ، حسین اور مریم نواز کے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر اعتراضات کی درخواست جمع کروادی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ جے آئی ٹی نے غیر مصدقہ اور نامعلوم ذرائع سے معلومات حاصل کیں۔

درخواست میں بتایا گیا کہ حسین نواز نے بتایا کہ عزیزیہ اسٹیل مل 2005ء میں 63 ملین ریال میں فروخت کی گئی تھی۔ پے آرڈر کی کاپیاں بھی جے آئی ٹی کو فراہم کی گئی تھیں۔ جے آئی ٹی نے خود اخذ کیا کہ یہ فروخت 42 ملین ریال کی ہے۔اور اس معاملے پر جے آئی ٹی نے حسین نواز سے پوچھا تک نہیں ۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ 63 ملین ریال کی بنک اسٹیٹمنٹس اور چیکس سپریم کورٹ میں پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یو اے ای حکومت کے خط کی بنیاد پر 14 اپریل 1980 کے معاہدےکونہ ماننا غلط ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ معاہدے کی نوٹری پبلک سےتصدق شدہ کاپی حسین نے مئی 2016 میں حاصل کی۔ یہ کہنا کہ 12ملین درہم کی ادائیگی کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے غیرضروری الزام ہے۔ 12 ملین درہم کی 6 اقساط میں نقد ادائیگی کا کوئی بینک ریکارڈ نہیں ہوسکتا۔ یہ درخواست سپریم کورٹ میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سےدائر کی گئی۔