کوہاٹ، گھریلو چپقلش پربھائی کی فائرنگ سے افغان دوشیزہ جاں بحق

بدھ 19 جولائی 2017 23:38

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2017ء) کوہاٹ گھمکول کیمپ میں گھریلو چپقلش پربھائی کی فائرنگ سے افغان دوشیزہ جاں بحق ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقہ جنگل خیل سے ملحقہ گھمکول افغان پناہ گزین کیمپ نمبر 3میں گھریلو جھگڑے کے دوران طیش میں آکر مبینہ ملزم افغان مہاجر عید محمد نے فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں اسکی بہن 18سالہ جوانسال دوشیزہ مسماة گل سانگہ شدید زخمی ہوگئی جو ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاکر زندگی کی بازی ہار گئی۔

واردات کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال لائی گئی جہاں پولیس تھانہ جنگل خیل نے مقتولہ کے بھائی خیبر خان ولد حکمران کی رپورٹ پر قتل کے واقعہ میں ملوث اسکے بھائی ملزم عید محمد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کو دئیے گئے بیان میں مدعی مقدمہ نے بتایا کہ گھر میں بوڑھی والدہ کو گھریلوں کام کاج میں مصروف دیکھ کر اس نے گھر کی دیگر خواتین پر برہمی دکھائی تو اسکے بھائی عید محمد نے تکرار کے بعد طیش میں آکر اچانک فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں اسکی ہمشیرہ زخمی ہوئی جوبعد ازاں زخموں کے باعث جانبر نہ ہوسکی۔

پولیس نے مقدمہ کے اندراج کے بعد واقعہ کی مختلف پہلوئوں پر تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم فوری طور پر وقوعہ کے اصل محرکات معلوم نہ ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :