گوجرخان، عدالت میں پیشی کیلئے جیل سے لائے گئے دوہرے قتل کے دو ملزمان کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا، مقتول عدنان کا بھائی محسن الطاف بھی زخمی، ایک ملزم گرفتار،اسلحہ برآمد

بدھ 19 جولائی 2017 23:35

گوجرخان، عدالت میں پیشی کیلئے جیل سے لائے گئے دوہرے قتل کے دو ملزمان ..
گوجر خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2017ء) گوجرخان ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیشی کیلئے اڈیالہ جیل سے لائے گئے دوہرے قتل کے دو ملزمان کومدعی پارٹی نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا مقتول عدنان کا بھائی محسن الطاف بھی زخمی ہوگیا۔ احاطہ کچہری میں بھگدڑمچ گئی ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔سکیورٹی ڈیوٹی کچہری کے اے ایس آئی اجمل محمود، انچارج گارد خالد محمود اور چھ کانسٹیبلان کو معطل کردیا گیا۔

مقتولین کے ورثاء نے احتجا جاً جی ٹی روڈ بلاک کردی ایس پی صدر افتخار الحق ،اے ایس پی توحید الرحمن نے مذاکرات کے بعد ٹریفک کو بحال کرایا۔ سی پی او راولپنڈی نے مقدمہ کی تفتیش تھانہ مندرہ کے انچارج سردار ذوالفقار کو سونپ دی۔ پولیس تھانہ گوجرخان نے محسن الطاف کے بیان پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے وکلاء نے آج ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

گوجرخان ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیشی کیلئے اڈیالہ جیل سے لائے جانے والے ملزمان عدنان اور عثمان جوکہ دونوں دوست ہیں پر الزام تھا کہ انہوں نے 17جنوری2015کو گلیانہ کے رہائشی دو بھائیوں احسان اور نجیب کو قتل کرکے نعشیں ڈیم میں پھینک دی تھی جس پر تھانہ گوجرخان میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہوا ایس ایچ او شیخ قاسم نے دونوں ملزمان کو کوٹ رادھا کشن واہگہ بارڈر کے ایریا سے گرفتار کیا اور ان سے دو رائفلیں ،ایک پسٹل بھی برآمد کیا گزشتہ روز محمد رمضان نے اپنے بھائیوں کا بدلہ لینے کی غرض سے دلاور اور غفار کے ساتھ مل کر احاطہ کچہری میں ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے عدنان موقع پر جبکہ عثمان ہسپتال میں دم توڑ گیا فائرنگ کے دوران محسن الطاف بھی زخمی ہوگیا جس کی مدعیت میں تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ،مقتولین کے نواحی قصبہ گلیانہ میں پولیس کو تعینات کردیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :