کوہاٹ پولیس نے بھتیجے کو قتل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ آلہ قتل بر آمد

بدھ 19 جولائی 2017 23:29

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جولائی2017ء) کوہاٹ بازید خیل میں بھتیجے کو قتل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کو واردات برپا کرنے کے کچھ ہی گھنٹوں کے اندر آلہ قتل سمیت حراست میں لیکر پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روزکوہاٹ کے نواحی علاقہ بازید خیل میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر مبینہ ملزم شاہد ولد خان نور نے فائرنگ کرکے اپنے سگے بھتیجے شعیب کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوا۔

(جاری ہے)

واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین خان نے فوری کاروائی کرتے ہوئے پولیس نفری کے ہمراہ روپوش ملزم کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپہ مار کاروائیاں شروع کردیں تو اس اثناء میں ایک کامیاب کاروائی کے دوران مبینہ ملزم شاہد کوآلہ قتل تیس بور پستول اور کارتوس سمیت حراست میں لے لیا گیا ۔پولیس نے گرفتار ملزم کو فوری طور پر تھانہ محمد ریاض شہید منتقل کرکے پوچھ گچھ کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا ہے جن سے قتل کی اس واردات کے متعلق تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :