Live Updates

عمران خان نے جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ، وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف

انکی تضاد بیانی قوم کے سامنے آشکار ہو چکی ہے، وزیراعظم محمدنوازشریف نے ملک کو امن او رترقی دی ، مخالفین کو یہ ہضم نہیں ہو رہا جھوٹ کا طوفان اٹھانے والو ںنے جو حال اپنے صوبے کا کیا ہے، وہ سب جانتے ہیں ، پی ٹی آئی نے عوامی خدمت کاموقع ضائع کیا ہے کرپشن زدہ سیاستدانوں کے منہ سے پار سائی کی باتیں زیب نہیں دیتیں، ماضی میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ بنانیوالوں کو عوام جانتے ہیں خدمت ، دیانت اور شفافیت کی سیاست کے سامنے منفی سیاست نہیں ٹھہر سکتی،جھوٹ کا سہارا لینے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، (ن) لیگی عہدیداروں کے وفد سے گفتگو

بدھ 19 جولائی 2017 22:04

عمران خان نے جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ غریب قوم کی خون پسینے کی کمائی لوٹنے والوں اور دھرنوں کے ذریعے معیشت کا دھڑن تختہ کرنیوالو ںکا رویہ ملک وقوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔سر سے لیکر پائوں تک کرپشن زدہ سیاستدانوں کے منہ سے پار سائی کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ سیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرانیوالوں نے غریب قوم کا خون چوسا ہے۔

ماضی میں اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ بنانے والوں اور موجودہ دور میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والوں کو عوام جانتے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ،برق رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ ان کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پہچان ہے اور ہمارے مخالفین بھی ترقیاتی منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں پہلی بار منصوبوں میں شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین جبکہ احتجاج مایوس عناصر کا مقدر ہے۔ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرکے غریب قوم کا حق چھینا اور ستم ظریفی دیکھئے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ پر ڈاکہ ڈالنے والا قومی مجرم آج کرپشن پر لیکچر دے رہا ہے۔

جن لوگوں کی کرپشن عدالتوں کے فیصلوں میںثابت ہوچکی وہ احتساب کا شور مچاکر اس کی گرد میں چھپناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا گروپ او رکرپشن زدہ حکمرانوں نے ملک کو پیچھے دھکیلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والے خائنوں کو انصاف کے کٹہرے میں آنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین بے بنیاد الزام تراشیوں اور دروغ گوئی پر اتر آئے ہیں لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا دامن صاف اور ضمیر مطمئن ہے۔

خدمت ، دیانت اور شفافیت کی سیاست کے سامنے منفی سیاست نہیں ٹھہر سکتی۔جھوٹ کا سہارا لینے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے سیاستدان کے ہر موقع پر یوٹرن اور تضاد بیانی پوری قوم کے سامنے آشکار ہو چکی ہے اور گزشتہ چار برس کے دوران دھرنا پارٹی نے انتشار او رمحاذ آرائی کے سواکچھ نہیں کیا۔

بے بنیادالزامات لگانا اور جھوٹ بولنا عوام کے ٹھکرائے ہوئے سیاسی عناصر کی اخلاقی پسماندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الزامات کی بارش اور جھوٹ کا طوفان اٹھانے والو ںنے جو حال اپنے صوبے کا کیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے اور دھرنا دینے والوں نے اپنے صوبے میں عوام کی خدمت کا نادر موقع ضائع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے ملک کو امن او رترقی دی اور مخالفین کو یہ ہضم نہیں ہو رہاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن میں کمی کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف ترین حکومت ہے۔ موجودہ دور میں شفافیت کے ایسے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے جو ماضی میں ناپید تھا۔ ترقیاتی منصوبوں میں غریب قوم کے اربوں روپے کے وسائل بچا کر روشن مثال قائم کی ہے اور دنیا بھر میں موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان میں انارکی پھیلانے کے خواہشمندشکست خوردہ سیاسی عناصر کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور عوام آئندہ عا م انتخابات میں ملک کو کنگال کرنے والوں او ر ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات