وزیراعظم منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث تاحیات نا اہل ہونے کے لائق ہیں،لطیف کھوسہ ،منظور وٹو

جے آئی ٹی نے دیانتداری سے کام کیا خراج تحسین پیش کرتے ہیں،رہنما پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن )کو ماڈل ٹاؤن کے 17مظلوموں کے قتل کی سزا مل رہی ہے ، اللہ کے گھر میں دیر ہے اندھیر نہیں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 جولائی 2017 20:24

وزیراعظم منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث تاحیات نا اہل ہونے کے لائق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2017ء) وزیراعظم نواز شریف منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث ہیں،تاحیات نااہل ہونے کے لائق ہیں ، آئین کے مطابق ہی معاملے کو اٹھا رہے ہیں ،سپریم کورٹ کے 2 ججز نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جے آئی ٹی رپورٹ سے ان کے موقف کی تائید ہو گئی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ اور منظور وٹو نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جے آئی ٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے دھمکیوں کے باوجود دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دیئے ۔

ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی میں وزیراعظم نے اپنے خالو کو پہچاننے سے انکار کر دیا تھا حکومتی وکیل کے پاس کوئی جواب نہیں تھا ان کے کارنامے کی داستان نہ ختم ہونے والی ہے دکھ کی بات ہے پاکستان کے اہم رہنما اقامہ پر بیرون ملک کام کر رہے ہیں،وزیراعظم اور اسحاق ڈار دونوں کو نااہل قرار دیا جائے، ہمیں لگتا ہے سپریم کورٹ اسی ہفتے فیصلہ سنا دے گی ،سردار لطیف کھوسہ نے کہانواز شریف جھوٹ پر جھوٹ بولتے رہے ،مریم نواز نے بھی جعلی دستاویزات پیش کی،سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرانا جرم ہے آئس لینڈ حکام نے کہا کہ مریم نواز بینیفشری اونر ہیں کیبلری فونٹ کے معاملے میں بھی ان کا جھوٹ پکڑا گیامجرم تو یہ ثابت ہو گئے ، سب کا بے رحمانہ احتساب ہوناچاہئے۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر پیپلز پارٹی رہنما منظور وٹو نے کہا کہ رواں ہفتے پانامہ کا فیصلہ دیکھ رہا ہوں۔نواز شریف خود استعفی ہو جائیں تو ان کے لئے بہترہے۔ مسلم لیگ ن کو ماڈل ٹاؤن کے 17مظلوموں کے قتل کی سزا مل رہی ہے ۔ اللہ کے گھر میں دیر ہے اندھیر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے کرپشن کے بادشاہ ہیں ایسے منصوبے بناتے ہیں جہاں سے کک بیک ملتی ہے۔ جے آئی ٹی نے دباؤمیں آئے بغیر کام کیا۔ جے آئی ٹی کے ارکان کی جرت کو سلام پیش کرتا ہوں ، دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔