بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج

بدھ 19 جولائی 2017 17:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2017ء) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد کی شہادت پر شدید احتجاج کیا ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (سارک و جنوبی ایشیائ) نے بدھ کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارت کی جانب سی18 جولائی کو باروہ اور تاندر سیکٹرز میںایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا، اس سلسلے میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا کہ بھارت مسلسل ایل او سی پر فائرنگ کرکے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا گیا کہ سویلین کو جان بوجھ کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور انسانی وقار اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی اس کی روح کی مطابق پاسداری کرے۔