Live Updates

ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس ، عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب

پولیس کا تفصیلات کے حصول کیلئے چیف کمشنر اسلام آباد سمیت صوبائی حکومتوں سے رجوع ،کیس کی سماعت (کل) ہو گی

بدھ 19 جولائی 2017 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جولائی2017ء) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، پولیس نے دونوں رہنمائوں کی جائیدد کی تفصیلات کے حصول کیلئے چیف کمشنر اسلام آباد سمیت صوبائی حکومتوں سے بھی رجوع کرلیا، عدالت نے ملزمان کو کئی بار طلب کیا پیش نہ کرنے پر انہیں اشتہاری قرار دیا گیا ہے اب ان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دیا جائے گا،کیس کی سماعت (کل) ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت (کل) جمعرات کو ہو گی۔ عدالت کی طرف سے تھانہ سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او کو عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے، جس کے حصول کیلئے پولیس نے چیف کمشنر اسلام آباد سمیت ملک کے چاروں صوبوں کے محکمہ داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات فراہم کریں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولیس کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے عمران خان اور طاہر القادری کی جائیدادوں سے متعلق جواب موصول ہو گیا ہے تاہم صوبائی حکومتوں نے تاحال تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی ایف آئی آر تھانہ سیکرٹریٹ میں عمران خان اور طاہر القادری سمیت ان کے پارٹی کارکنوں کے خلاف درج ہے اور عمران خان اور طاہر القادری عدالت کے طلب کرنے کے باوجودایک بار بھی پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دے رکھا ہے اور اب ان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات