پاک روس تعلقات کے استحکام میں سفارت کار اہم کردار ادا کررہے ہیں ، گورنر سندھ

دو طرفہ تعلقات میں خوش گوار تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ، تھر کول منصوبہ میں بھرپور دلچسپی واضح مظہر ہے ،محمد زبیر کی روسی قونصل جنرل سے بات چیت

بدھ 19 جولائی 2017 16:46

پاک روس تعلقات کے استحکام میں سفارت کار اہم کردار ادا کررہے ہیں ، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ دو ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم اور مضبوط بنانے میں سفارت کار اہم کردار ادا کرتے ہیں ، پاک روس دوطرفہ تاریخی ، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کئی برس پر محیط ہیں ، 2011 ء میں بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں روس نے اپنے سفارتی تعلقات کا از سر نو جائزہ لیااور مستحکم اور مضبوط روابط قائم کرنے کے لئے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں اپنا اہم شراکت دار قرار دیا جس کے بعد سے دو طرفہ تعلقات میں خوش گوار تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں جس میں دونوں ممالک کے سفارت کار اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں روس کے قونصل جنرل Mr.oleg N.Avdeev سے بات چیت میںکیا ۔

(جاری ہے)

جو الوداعی ملاقات کرنے گورنر ہائوس آئے تھے۔ ملاقات میں خطہ کی جاری صورتحال ، پاک روس دوطرفہ تعلقات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک روس تعلقات کے استحکام اور روس کے سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کی ترغیب میں قونصل جنرل Mr.oleg N.Avdeev کا کردار اہم رہا ہے جس کو عوام قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے قیام اور گدو اور مظفر گڑھ پاور پلانٹ میں روس کی تیکنیکی معاونت اہم ثابت ہوئی ، روس کے سرمایہ کاروں کو تھر کول منصوبہ میں بھرپور دلچسپی کا اظہار دوطرفہ تعلقات کا واضح مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل ماحول ہے روس کے سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے فوری منافع حاصل کرسکتے ہیں ، اس وقت دنیا کی تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کے دفاتر کراچی میں منافع بخش کاروبار سے منسلک ہیں ، روس کے سرمایہ کار بھی کراچی شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا ئیں اس ضمن میں Mr.oleg N.Avdeev اپنے ملک میں سرمایہ کاروں کو اس جانب ترغیب دیں ، دو طرفہ تعلقات کے مفاد میں سرمایہ کاری اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔

ملاقات میں قونصل جنرل Mr.oleg N.Avdeev نے گورنر سندھ کو بتایا کہ دوران تعیناتی انھیں بہت محبت اور پیار ملا ، پاکستانی بہت محبت کرنے والے لوگ ہیں ، میری ہمیشہ سے یہی کو شش رہی کہ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں اس ضمن میں روس کے سرمایہ کاروں کو بھی اس جانب راغب کیا کہ کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک جاکر وہ سرمایہ کاروں کو کراچی کے حالات اور سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ اور غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے منافع بخش کاروبار سے متعلق تفصیل سے آگاہ کروں گا تاکہ زیادہ سے زیادہ روس کے سرمایہ کار سرمایہ کاری میں حصہ لے سکیں ۔

متعلقہ عنوان :