پاکستان کے دشمن کشمیریوں کے دشمن ہیں ‘ جعفر علی گیلانی

بدھ 19 جولائی 2017 15:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جولائی2017ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے نوجوان رہنما سید جعفر علی گیلانی نے کہا ہیکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پاکستانی عوام اورکشمیری عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں اور آج یوم الحاق پاکستان کے موق پر مسلم کانفرنس ہر سال کی طرح اس جوش و جذبہ کے ساتھ یوم الحاق پاکستان کومنارہی ہے کہ پاکستان کے دشمن کشمیریوں کے دشمن ہیں اور کشمیری عوام پاکستانی عوام کے لئے جو جذبہ حب الوطنی رکھتی ہے اور پاک افواج کے شہداء اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اس کی مثالیں موجود ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کی عوام نے جدوجہد آزادی کی خاطر اپنے گھروں ، جائیداد ، مال و دولت جان کی قربانی جیسے فریضے ادا کیے ہیں آئندہ بھی ملک و قوم کی سلامتی کے لئے کشمیری عوام پاکستانی عوام کے اور پاکستانی عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے آچکا ہے جبر و ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو دہشت گرد قرا ر دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔

بھارت پاکستان پر الزام لگانے سے پہلے کشمیر میں تعینات ہتھیاروں سے لیس بھارتی افواج جن کے اگے کشمیری گاجر مولی کی حیثیت رکھتے ہیں تو امن کی عالمی تنظیمیں یہ بتائیں کہ بھارت کے ظالمانہ اقدام کو کون سا نام دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی کا ایک ہی ایجنڈا ہے جس کو اسلامی ممالک ردی کی ٹوکری میں ڈال چکے ہیں۔مسلم کانفرنسی رہنما سید جعفر علی گیلانی نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر تمام اسلامی ممالک سے اپیل کی ہیکہ امریکہ اور بھارت کی تمام سازشوں کے خلاف اکھٹے ہو جائیں تاکہ دشمنوں کی سازشیں دھری کی دھری رہ جائیں ۔