راحیل شریف نے ریٹائرمنٹ سے دس ماہ قبل سعودی عرب کو اسلامی فوجی اتحاد کی ملازمت کیلئے مہیا ہونے کی یقین دہانی کرادی تھی

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹر فرحت اللہ بابر کا سینیٹ میں اظہار خیال

منگل 18 جولائی 2017 20:18

راحیل شریف  نے ریٹائرمنٹ سے دس ماہ قبل سعودی عرب کو اسلامی فوجی اتحاد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2017ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی جانب سے اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا اعلان اپنی ریٹائرمنٹ سے دس ماہ قبل کیا ،سعودی عرب کو یہ یقین دلانے کی کوشش تھی کہ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ اس فوجی اتحاد کی ملازمت کے لئے مہیا ہوں گے ، اگر یہ بات تھی تو پھر مزید سوالات کے جوابات درکار ہوں گے۔

منگل کو سینیٹ میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں قائم فوجی اتحاد کے ٹرم آف ریفرنس پربات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اکثر لوگ تو یہ سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ انہوں نے مدت ملازمت میں توسیع قبول نہ کرنے کا اعلان قبل از وقت ا س لئے کیا کیونکہ ریٹائرمنٹ کے بعد اس فوجی اتحاد کی ملازمت ان کا انتظار کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

عسکریت پسند گروپوں کی حمایت کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے جماعت الاحرارنامی تنظیم کو اقوام متحدہ کی جانب سے دہشتگرد تنظیم قرار دینے کو فوری طور پر خوش آمدید کہا لیکن دوسری جانب چین سے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے جیش محمد پر پابندی عائد کرنے کے متعلق جب بھی اقوام متحدہ میں کوئی تحریک ہو تو اسے روکا جائے۔

اس دوغلی پالیسی کی وجہ سے دنیا پاکستان کو الزام دیتی ہے کہ وہ دہشتگرد تنظیموں کی حمایت کرتا ہے اور مطالبہ کیا کہ ایسی پالیسی کو فوری طور پر بدلا جائے کیونکہ ایسی دوغلی پالیسی کا دفاع کرنا ممکن نہیں۔