اسلامی فوجی اتحاد کی کوئی فوج ترتیب نہیں دی گئی اور ناہی سابق آرمی چیف راحیل شریف اس فوج کے سربراہ بنے ہیں۔سرتاج عزیز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 18 جولائی 2017 18:36

اسلامی فوجی اتحاد کی کوئی فوج ترتیب نہیں دی گئی اور ناہی سابق آرمی چیف ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جولائی۔2017ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ جنرل( ر) راحیل شریف سعودی عرب میں تاحال کسی فوج کی قیادت نہیں کر رہے، اس وقت فوج بنی ہے اور نہ ہی ٹی او آرز کو حتمی شکل دی گئی ہے۔سینیٹ کے اراکین کو آگاہ کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے بتایا کہ ٹی او آرز کو حتمی شکل دینے کے لیے رکن ممالک اور وزیردفاع کے درمیان ملاقات ہونی تھی، جو تاحال نہیں ہو سکی۔

مشیر امور خارجہ نے مزید کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد کے ٹی او آرز سے متعلق پارلیمنٹ کو آگاہ کیا جائے گا۔سرتاج عزیز کے بیان پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے تحفظات کا اظہار کیا۔رضا ربانی نے کہا کہ ٹی او آرز نہیں بنے، تو راحیل شریف کو سعودی عرب کیسے بھیج دیا گیا، اگر راحیل شریف کسی فوج کو قیادت نہیں کر رہے تو پھر سعودی عرب میں کیا کر رہے ہیں؟چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ جوہری طاقت کے حامل ملک کے سابق فوجی سربراہ کو آپ نے حساس جگہ پر بھیج دیا اور آپ کو ٹی او آرز کا پتہ بھی نہیں۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہ اگر ٹی او آرز پاکستان کی نیشنل سیکورٹی کے مفاد میں نہ ہوئے، تو پھر آپ کیا کریں گے، آپ تو پہلے ہی راحیل شریف کو سعودی عرب بھیج چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ فوج بنی ہے نہ ہی ٹی او آرز طے ہوئے ہیں جبکہ پہلے ہی سپہ سالار کو بھیج دیا گیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ امریکا سے قانون سازوں سمیت جو بھی پاکستان آتے ہیں وہ ہم سے نہیں ملتے، وہ صرف انتظامیہ اور فوج سے ملتے ہیں۔

سینیٹ ارکان نے بھی سرتاج عزیز کے بیان پر تحفظات کا اظہار کیا۔سینیٹ میں اسلامی فوجی اتحاد سے متعلق تحریک پر بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ راحیل شریف نے ریٹائرمنٹ سے 10 ماہ قبل آئی ایس پی آر  کے ذریعے مدت ملازمت میں تو سیع نہ لینے کا اعلان کیا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ راحیل شریف کا 10 ماہ قبل توسیع نہ لینے کے اعلان کا مقصد کیا تھا، جبکہ کسی نے انہیں مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش بھی نہیں کی تھی، تو انہوں نے یہ اعلان کیوں کیا؟فرحت اللہ بابر نے مزید کہا کہ کیا راحیل شریف سعودی عرب کو پیغام دینا چاہتا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ دستیاب ہیں؟پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ فرقہ وارانہ فساد نہیں ہونے دیں گے۔الیاس بلور نے کہا کہ کسی ملک کے خلاف کو ٹی او آرز قبول نہیں ہوں گے، فرقہ وارانہ فساد ہوا تو ملک تباہ ہوگا۔