کینیڈا میں تیزی سے پھیلتی آگ سے وسیع رقبے پر جنگلات جل کر راکھ

منگل 18 جولائی 2017 12:32

کینیڈا میں تیزی سے پھیلتی آگ سے وسیع رقبے پر جنگلات جل کر راکھ
اوٹاوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2017ء) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے جنگلات میں لگی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جس سے ایک لاکھ 31 ہزار 737 ہیکٹر اراضی پر پھیلے جنگلات کو نقصان پہنچا ہے اور 37 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔برٹش کولمبیا فائر انفارمیشن مرکز کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق صوبہ برٹش کے علاقوں ایشکورفٹ، کاشے کریک، 100 مائل ہائوس اور 150 مائل ہائوس میں لگی جنگل کی آگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو ولئیمز لیک کے علاقے تک پہنچ گئی ہے۔

آگ سے ایک لاکھ 31 ہزار 737 ہیکٹر رقبے پر پھیلے جنگلات کو نقصان پہنچا ہے اور اس وقت تک علاقے سے 37 ہزار افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔حکام کے مطابق 162 مختلف مقامات آگ کی لپیٹ میں آئے ہوئے ہیں اور آگ بھجانے کی کاروائیوں میں 2 ہزار 895 افراد شامل ہیں جن میں 415 افراد کا تعلق فائر بریگیڈ کے عملے سے ہے۔

(جاری ہے)

آگ بھجانے اور امدادی کاموں میں 150 فوجی اور 3 فوجی ہیلی کاپٹروں سمیت 10 طیارے بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق علاقے میں ہوا 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جو آگ کے پھیلنے کی بنیادی وجہ ہے۔علاقے سے نکالے جانے والے افراد کے لئے 11 کیمپ لگائے گئے ہیں۔آگ سے متاثرہ افراد میں کینیڈا ریڈ کراس سمیت سول سوسائٹیوں اور سرکاری اداروں کی طرف سے خوراک اور صحت و صفائی کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔اسلامک ریلیف کینیڈا نامی بین الاقوامی امدادی تنظیم نے بھی آگ کے متاثرین کو امداد بھیجنے کے لئے امدادی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔دوسری طرف آگ سے متاثرہ اور شہریوں سے خالی کروائے جانے والے علاقوں میں چوریوں کے الزام میں پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :