شیخ رشید کو نالہ لئی میں ڈوب مرنا چاہیے ، عابد شیر علی

منگل 18 جولائی 2017 12:24

شیخ رشید  کو  نالہ لئی میں ڈوب مرنا چاہیے ، عابد شیر علی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2017ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو نالہ لئی میں ڈوب مرنا چاہیے ،پچیس سال نواز شریف کے جوتے پالش اور کتوں کو نہلاتا رہا، آج نواز شریف پر جرح کی استدعا کررہا ہے، نذرانہ پیر بتائیں کتنے ارب کے چڑھاوے چڑھتے ہیں اور کتنا ٹیکس دیتے ہو ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے شیخ رشید پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا پچیس سال شیخ رشید نواز شریف کے جوتے پالش اور کتوں کو نہلاتا رہا، آج وہ نواز شریف پر جرح کی استدعا کررہا ہے، اسے اب نالہ لئی میں ڈوب مرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا چیلنج کرتا ہوں شیخ رشید اپنے اثاثے مجھے دیں اور میرے اثاثے رکھ لیں۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے شاہ محمود قریشی کو ٹرپل شاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نذرانہ پیر سے پوچھتا ہوں کہ کتنے ارب کے چڑھاوے چڑھتے ہیں کتنا ٹیکس دیتے ہو ۔وزیر مملکت نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں سماعت کے موقع پر چوہدری شجاعت بیگانی شادی میں بوڑھا دیوانہ بن کر پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلے آئین و قانون کی بنیاد پر ہوتے ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ عدالت آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرے گی۔ عابد شیر علی نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز جشن کا منصوبہ بنایا تھا خان صاحب، قوم آئین اور جمہوریت کی فتح کا جشن ضرور منائے گی، آپ جیسے لوگ جمہوریت کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں۔