اوپن ڈیفنس سیمینار اور زبانی امتحان یونیورسٹی کے قوائدوضوابط کے تحت منعقد ہوا، ترجمان شاہ عبدالطیف یونیورسٹی

پیر 17 جولائی 2017 23:50

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ امتیاز احمد پیرزادہ پی ایچ ڈی محقق شعبہ اکنامکس کا اوپن ڈیفنس سیمینار اور زبانی امتحان 17جولائی 2017کو یونیورسٹی کے قوائدوضوابط کے تحت منعقد ہوا۔ یاد رہے کہ محقق امتیاز احمد پیرزادہ نے سندھ یونیورسٹی جامشورو میں پی ایچ ڈی میں پرانی تحقیقی پالیسی کے تحت داخلہ حاصل کیا جس کیلئے کورس ورک لازمی نہیں تھا۔

جب کہ شعبہ اکنامکس شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی اسکروٹنی کمیٹی کی سفارشات کے پیش نظر ایڈوانس اسٹڈیز اور ریسرچ بورڈ میں محقق کا کیس منظوری کے بعد اوپن ڈیفنس اور زبانی امتحان لیا گیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بھی یونیورسٹی میں تحقیقی کام جاری رہتا ہے اور یونیورسٹی ایم فل، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے سیمینارز تحقیقی ضروریات پوری ہونے پر منعقد کرواتی ہے۔

(جاری ہے)

محقق کا اوپن ڈیفنس اور زبانی امتحان پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز کی تمام تر ضروریات پوری ہونے پر ہی منعقد کیا گیا ہے اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قوائدوضوابط کو نظر انداز نہیں کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر غلام محی الدین ویسر نے ایک خط کے ذریعے شعبہ اکنامکس کے چیئرمین کو واضح کیا کہ محقق امتیاز احمد پیرزادہ کو پرانی تحقیقی پالیسی کے تحت کورس ورک سے استثنیٰ حاصل ہے کیونکہ محقق سندھ یونیورسٹی جامشورو میں پی ایچ ڈی میں رجسٹرڈ تھے جنہیں ایڈوانس اسٹڈیز اور ریسرچ بورڈ کے 53ویں اجلاس میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔