سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنررحیم یار خان

پیر 17 جولائی 2017 23:04

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کے ساتھ تما م سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی اور بی ایچ یو کے انچارج ایم ایس، سینئر میڈیکل آفیسر اور میڈیکل آفیسر ہسپتالوں میں سروسز معیار کو برقرا ررکھنے اور انتظامی امور کی بہتری کے لئے اپنی گرفت ماتحت عملہ پر مضبوط کریں انہیں مکمل اختیارات حاصل ہیں کہ وہ حکومت کی جانب سے عوام کی ملنے والی سہولیات میں لاپراہی برتنے والے ڈاکٹرز و عملہ کے خلاف بلاتفریق کاروائی کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتالوں میں غیر حاضر و تاخیر سے آنے والے ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف انچارج تحریری طور پر آگاہ کریں سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت نے 8بلین کی لاگت سے اعلیٰ معیار کی ادویات خر ید کی ہیں تاکہ سر کار ی ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو معیاری ادویات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام شعبہ جات ایمرجنسی، آئوٹ ڈور او ران ڈور میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں اور بیرونی ادویات تجویز کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اگر کوئی میڈیکل ہسپتال میں موجود نہیں تو ہسپتال انتظامیہ اپنے فنڈز سے ادویات خرید کر مریضوں کو فراہم کرے۔انہوں نے تما م سرکاری ہسپتالوں کے انچارج کو ہدایت کی کہ وہ وزیر اعلیٰ ہیلتھ روڈ میپ کے تمام انڈیکیٹرز کو پورا کرنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں انتظامیہ ان کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔

اس موقع پر ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر توحید آغا، ڈاکٹر زبیر، محمد ذیشان نے ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی اور بی ایچ یوز کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں متعلقہ ہسپتالوں کے انچارج ڈاکٹرز نے بھی اپنے ہسپتالوں میں دستیاب سہولیات اور مسائل بارے آگاہ کیا۔