رحیم یار خان،ڈپٹی کمشنر نے انسداد خسرہ مہم کاافتتاح کر دیا

پیر 17 جولائی 2017 23:04

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف عوام کو جدید و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ صحت کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ عوام کو کسی بھی موذی مرض سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں یہی وجہ ہے کہ بچوں میں خسرہ کی وباء کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان کی دو تحصیلوں رحیم یار خان اور صادق آبا دمیں انسداد خسرہ مہم چلائی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں انسداد خسرہ مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی دو تحصیلوںمیں خسرہ کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے باعث پہلے مرحلہ میں رحیم یار خان اور صادق آباد میں یونین کونسل کی سطح پر 12روزہ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں 5ماہ سی5سال عمر کے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو موذی مرض سے بچانے کے لئے محکمہ صحت کے سینٹرز پر جاکر حفاظتی انجکشن لگوائیں ۔اس موقع پر ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آغا توحید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 12روزہ انسداد خسرہ مہم میں 4لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے اور محکمہ صحت کی ٹیمیں یونین کونسل سطح پر جاکر خسرہ سے بچائو کا کیمپ لگائے گی اور عوامی آگہی کے لئے مقامی نمائندوں اور مساجد میں بھی اعلانات کرائے جائیں گے تاکہ والدین اپنے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔