حکومت پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی پروگرام کو شہری خوبصورتی کا ذریعہ بھی بنارہی ہے، صوبائی وزیر قانون

پیر 17 جولائی 2017 23:02

حکومت پنجاب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی پروگرام کو ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی پروگرام کو شہری خوبصورتی کا ذریعہ بھی بنارہی ہے تاکہ عوام خوشگواروخوشنما ماحول میں ترقی کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔اس سلسلے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے شہر کی اہم شاہرات پرایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کی بدولت شہر جگ مگ اورعلاقائی دلکشی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بات حلقہ پی پی 65میں ساڑھے 6کروڑ روپے کی لاگت سے سرگودھا روڈ،ڈائیوروڈ سے دربار قائم سائیں روڈ تک ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا افتتاح کرنے کے بعد اسفند یار شہید چوک(پنجاب میڈیکل چوک)میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی حاجی اکرم انصاری،میاں عبدالمنان،حاجی الیاس انصاری،میئر میونسپل کارپوریشن محمدرزاق ملک کے علاوہ چیئرمین یونین کونسل نمبر3اعجاز احمد،صدر پی پی 65 چوہدری رفیع سندھو،جنرل سیکرٹری الیاس انجم اوردیگر مسلم لیگی عہدیداران اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پائیدار سڑکوں کی تعمیر کے بعد ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کی بدولت نہ صرف بجلی کی بچت ہوئی ہے بلکہ سٹریٹ لائٹس کے نظام کو بھی پائیدار بنیاد ملی ہے جن سے اندھیرے دور اور رات کے وقت چوری ڈکیتی کی وارداتوں کا بھی تدارک ہو رہا ہے۔انہوں نے حلقہ پی پی 65میں ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کے لئے خصوصی اقدامات کرنے پرایم پی اے حاجی الیاس انصاری کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور اربوں روپے سے تعلیم،صحت اور مواصلات کے شعبوں میں لاتعداد منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے حالیہ دورہ فیصل آباد میں جن منصوبوں کی منظوری دی تھی انہیں بھی تیزرفتاری سے مکمل کرکے شہر کو مزید ترقی یافتہ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کے کارخانوں کا افتتاح ہورہا ہے جس سے فیصل آباد سمیت پورا پاکستان ان منصوبوں کی بدولت روشنیوں کی طرف گامزن ہوگا اور وزیراعظم محمدنوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی قیادت میں وطن عزیز کو ایسا خوشحال ملک بنائیں گے جہاں دہشتگردی کا نام ونشان بھی نہیں ہوگا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کے دیرینہ مطالبات پورے کئے گئے ہیں تا ہم گلی محلوں میں بنیادی سہولتوں کے حوالے سے ان سے مکمل رابطہ میں ہیں اور اب ان کے چھوٹے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔اس ضمن میں بلدیاتی نمائندے عوامی توقعات پرپورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں جھال چوک انڈر پاس وفلائی اوور،کینال ایکسپریس وے،پینے کے صاف پانی کا میگا پراجیکٹ،چلڈرن ہسپتال جھنگ روڈ،گرلز ہاسٹل زرعی یونیورسٹی،خدمت مرکز کے منصوبے مکمل کراکر فیصل آباد کی نمائندگی کا بھرپور حق ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے شہری یہاں ایک اور میڈیکل کالج کے قیام کا مطالبہ کررہے تھے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے موجودہ کالج کو فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دیا اوریہ یونیورسٹی اب فنکشنل ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کے منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے اورشہر کی جنوبی آبادی کو صحت کی وسیع سہولیات ان کی دہلیز تک میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دوراقتدار میں ملک میں جتنی ترقی ہوئی ہے۔ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی لیکن ملک دشمن عناصر وطن کو ترقی یافتہ نہیں دیکھ سکتے جو پے در پہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن کارکن وزیراعظم محمدنوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور وطن کو نقصان پہنچانے والے ہر عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت میں کرپشن کی کہانیاں عام تھیں لیکن پاکستان مسلم لی(ن) کا دور حکومت ترقی سے مزین ہے۔اگر ماضی میں وطن کی ترقی کا سوچا گیا ہوتا تو آج پاکستان دنیا کے نقشہ میں ایک طاقتور اسلامی ریاست ہوتا لیکن وزیراعظم محمدنوازشریف نے جب اقتدار سنبھالا تو تہیہ کرلیا تھا کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنا کر ہی دم لیں گے۔1999ئ میں (ن) لیگ کی حکومت نہ تو ڑی جاتی تو یہ خواب آج سے 18سال پہلے مکمل ہو چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے 36 سالہ سیاسی کیئریر میں ہزاروں منصوبے مکمل ہوئے لیکن آج تک کوئی ان پر کرپشن کی ایک پائی بھی ثابت نہ کرسکا کیونکہ وہ دل وجان سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور ان کا واحد مقصد وطن عزیز کی ترقی اور عوام کو خوشحال بنانا ہے وہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھیکنے کا عزم کئے ہوئے ہیں ان کی اسی وطن دوست پالیسی سے سیاسی مخالفین خوفزدہ ہے وہ جانتے ہیں اگرسی پیک منصوبہ مکمل ہوگیا تو پاکستان کی ترقی عروج پرہوگی۔

تقریب سے میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک نے خطاب کرتے ہوئے سٹریٹ لائٹس کے منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ حلقہ پی پی 65کی عوام کے دیرینہ مطالبات کی انجام دہی میں ایم پی اے حاجی الیاس انصاری کی انتھک کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ایم پی اے حاجی الیاس انصاری نے تقریب میں خصوصی شرکت پر شیر پنجاب رانا ثناء اللہ خاں، میئر میونسپل کارپوریشن محمدرزاق ملک،ارکان قومی اسمبلی حاجی اکرم انصاری،میاں عبدالمنان اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ حلقہ کی شاہرات پر لوگوں کو رات کے اوقات میں اندھیرے کے باعث مشکلات کا سامنا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے خطیر فنڈز سے ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ میں سڑکیں،سیوریج اور دیگر منصوبے مکمل کرائے گئے ہیں اور عوامی خدمت کا سفر تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا کیونکہ حلقہ کے عوام کی خدمت ہی ان کی سیاست کا اولین مقصد ہے۔اس موقع پر اہل علاقہ نے حلقہ کی اہم شاہرات پر ایل ای ڈی لائٹس لگوانے پر ایم پی اے حاجی الیاس انصاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور انتخابی وعدہ پوراہوگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حاجی الیاس انصاری بے لوث انداز میں حلقہ کی خدمت کررہے ہیں اور بڑی تعداد میں ترقیاتی منصوبے ان کی عمدہ اور شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔قبل ازیں صوبائی وزیر قانون رانا ثنائ اللہ خاں،ارکان اسمبلی حاجی اکرم انصاری،میاں عبدالمنان،میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک کے ہمراہ ایل ای ڈی لائٹس کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کے لئے ایم پی اے حاجی الیاس انصاری کے دفتر سدھو پورہ قائم سائیں روڈ پہنچے تو حلقہ پی پی 65کے چیئرمین،وائس چیئرمین،کونسلرز ، مسلم لیگ(ن)کے ورکرز اور عمائدین علاقہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاورکی۔