لاڑکانہ میں پولیس نے بوری بند لاش برآمد کرلی۔ لاش کی شناخت چار روز قبل لاپتہ ہونے والے وکیل نیاز حسین کے نام سے کی گئی

پیر 17 جولائی 2017 23:01

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) لاڑکانہ میں پولیس نے بوری بند لاش برآمد کرلی۔ لاش کی شناخت چار روز قبل لاپتہ ہونے والے وکیل نیاز حسین کے نام سے کی گئی۔ قتل کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے محلہ نظر کے مکین اور کراچی میں پریکٹس کرنے والے وکیل نیاز حسین کھاوڑ چار روز اپنے محلہ سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے۔

گذشتہ روز تھانہ رحمت پور کی پولیس نے شہر سے 10 کلومیٹر دور تھانہ بقاپور کی حد ڈڈرا شاخ سے ایک بوری بند لاش برآمد کی جسے چانڈکا اسپتال لایا گیا جہاں پر لاپتہ ہونے والے وکیل نیاز حسین کھاوڑ کے ورثا بھی پہنچ گئے جبکہ موقع پر وکیل کے والد عبدالنبی کھاوڑ نے لاش کی شناخت اپنے بیٹے نیاز حسین کھاوڑ کے نام سے کی، شناخت کے بعد مقتول وکیل کے ورثا چیخ و پکار سمیت قاتلوں کو بدعائیں دیتے رہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق بوری میں بند لاش کی شناخت وکیل نیاز حسین کھاوڑ کے والد نے کی ہے جو چار روز قبل لاپتہ ہوگیا تھا۔ مقتول وکیل نیاز حسین کے دوست صدام کے والد عنایت سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اتوار کے روز عنایت مقامی پرائمری اسکول کا چوکیدار ہے اور اسکول سے رسیاں بھی برآمد ہوئی تھیں جس کے بعد مسلسل تفتیش کی گئی اور گذشتہ روز وکیل نیاز حسین کی لاش بوری میں بند برآمد کی گئی ہے۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔

متعلقہ عنوان :