پاکستان کو ترقی یافتہ معاشرے کے وژن کے حصول کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں پائیدار اور ٹھوس کوششوں کی اشد ضرورت ہے

عالمی سائنسدانوں کا بین الاقوامی نتھیا گلی سمر کالج برائے طبیعات و معاصر علوم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 17 جولائی 2017 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) دنیا بھر سے آئے نامور سائنسدانوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ معاشرے میں تبدیل کرنے کے وژن کے حصول کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں پائیدار اور ٹھوس کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔ یہ پیغام دو ہفتوں پر مشتمل 42 ویں بین الاقوامی نتھیا گلی سمر کالج (آئی این ایس سی) برائے طبیعات و معاصر علوم کی افتتاحی تقریب کے دوران دیا گیا۔

انٹرنیشنل نتھیا گلی سمر کالج کا افتتاح ملک کے مایہ ناز سائنسدان پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر اشفاق احمد نے کیا۔ مہمان خصوصی نے گذشتہ 42 برس سے بلاتعطل نتھیا گلی سمر کالج کے انعقاد پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی گرانقدر کوششوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جو ذہین باصلاحیت ایسے نوجوانوں سے مالا مال ہے جنہوں نے ایک روز قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں تعلیم دیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے چیلنجز سے روشناس کرائیں اور انہیں جدید پاکستان کے کارآمد اور معمار شہری بنانے کیلئے مواقع فراہم کریں۔

پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے سائنسی سرگرمیوں بالخصوص طبیعات کے شعبہ میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے نتھیا گلی سمر کالج نے ایک روایت قائم کی ہے۔ مہمان خصوصی نے چشمہ تھری اور چشمہ فور کی بروقت تکمیل پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ کے 2 اور کے 3 منصوبے بھی بروقت مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقینی طور پر مزید برقی توانائی کی ضرورت ہے اور مجھے یقین ہے کہ جوہری توانائی ملک کے توانائی پیداوار پروگرام کا اہم حصہ رہے گا۔

انہوں نے زراعت، صنعت اور بالخصوص ملک بھر میں سرطان کی تشخیص اور علاج معالجہ کے شعبوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی تعمیری کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کامیابی اسی صورت ممکن ہوئی ہے جب پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے انسانی وسائل کی ترقی میں دلچپسی اور مخصوص درکار افرادی قوت تیار کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کینسر کے مریضوں کے علاج معالجہ اور خصوصی بنیادی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے میڈیکل سنٹرز کی توسیع کو اچھی امید قرار دیا۔

ڈاکٹر اشفاق احمد نے سمر کالج میں شریک غیر ملکی فیکلٹی اراکین کا بھی خیرمقدم کیا۔ قبل ازیں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن بین الاقوامی اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای ای) جیسے متعدد بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ آئی اے ای اے کے ساتھ بہت سے تحقیقی اور تربیتی پروگرام جاری ہیں اور ہم 2004ء سے اپنی فنی معاونت کے سب سے زیادہ شرکاء میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کالج اے ایس۔آئی سی ٹی پی سے منسلک ہے اور ہمیشہ بہترین اداروں کے ساتھ مالی اور سائنسی تعاون کرتا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ رواں سال ہم نے انتہائی معزز 40 غیر ملکی پروفیسرز سے استفادہ کیا ہے جو اس فورم پر سائنس کی جدت پر تبادلہ خیال کیلئے آئے ہیں۔ کالج کے سائنٹیفک سیکرٹری نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ گذشتہ 41 برس کے دوران 850 سے زائد ممتاز سائنسدانوں بشمول نوبل انعام یافتہ سات پروفیسرز نے ہمارے 10 ہزار سے زائد سائنسدانوں کے ساتھ اپنے علوم اور تجربات کا تبادلہ کیا جن کا تعلق پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں، کالجوں اور تحقیق و ترقی کے اداروں سے ہے اور 72 ممالک سے ایک ہزار سے زائد غیر ملکی سائنسدان بھی اس سے استفادہ کر چکے ہیں۔

رواں سال کی مختلف سائنسی سرگرمیوں میں روشنی کے ذرائع، توانائی اور ٹیکنالوجی، ایس ایم آر اور انوویٹو ری ایکٹر مفروضے، ناپ تول کے آلات اور زندگی کے علوم، روبوٹس سرجری اور ریاضیاتی حیاتیات جیسے علوم کی بین الاقوامی نتھیا گلی سمر کالج میں پیشکش کی گئی ہے۔ سمر کالج میں مختلف سائنسی اور تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :