فاٹا اصلاحات میں تاخیر ،، گورنرہائوس کے سامنے قبائلی طلبہ تنظیم کے دھرنے میں کاروان الحاج گروپ نے بھی شرکت کا اعلان

پیر 17 جولائی 2017 22:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) فاٹا اصلاحات میں تاخیر کے خلاف 19 جولائی کو گورنرہائوس کے سامنے قبائلی طلبہ تنظیم کے دھرنے میں کاروان الحاج گروپ نے بھی شرکت کا اعلان کیا ہے۔ گروپ کی قیادت فاٹا کے سابق پارلیمانی لیڈر الحاج شاہ جی گل کے صاحبزادے بلاول آفریدی کریں گے۔ پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول آفریدی نے کہا کہ اصلاحات کے نام پر قبائلی عوام کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے تاہم اپنے حقوق کے حصول کے لیے وہ آخری حد تک جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو فاٹا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے دھرنے میں کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔اس موقع پر فاٹا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین شوکت عزیز نے کہا کہ گورنر ہائوس کے سامنے ان کا دھرنا تب تک جاری رہے گا جب تک ان کے 15 مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے جن میں ایف سی آر کے خاتمے، فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام اور 2018 کے انتخابات میں فاٹا کے لیے صوبائی اسمبلی میں نشستوں سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے میں طلبہ کے ساتھ ساتھ فاٹا کے پارلیمانی ارکان الحاج شاہ جی گل، شہاب الدین خان، ساجد طوری اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

متعلقہ عنوان :