ْپاکستان پیپلزپارٹی قانون اور آئین کی حکمرانی جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے‘ صحافی برادری کی بحالی جمہوریت کیلئے جدوجہد قابل تعریف ہے، ہماری جماعت صحافیوںکے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے گی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب

پیر 17 جولائی 2017 22:10

ْپاکستان پیپلزپارٹی قانون اور آئین کی حکمرانی جمہوریت کی بالادستی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی قانون اور آئین کی حکمرانی جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے‘ صحافی برادری کی بحالی جمہوریت کیلئے جدوجہد قابل تعریف ہے، ہماری جماعت صحافیوںکے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں کی فلاح وبہبود کے ساتھ ساتھ سیاسی اور سماجی جماعتوں اور تنظیموں ، انسانی حقوق کی جدوجہد کے لئے کام کرنے والے طبقات اور لاپتہ افراد کے لواحقین کو اپنی آواز بلند کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جو کہ آزادی اظہار رائے اور اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے کیلئے ایک مقدس فریضہ ہے جس پر نیشنل پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور صحافیوں کا تعلق دیرینہ ہے اور دونوں جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خلاف طویل جدوجہد کے ساتھی رہے ہیں‘ مستقبل میں بھی جمہوریت اور جمہوری اداروں کے تحفظ کیلئے مل کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن بل سینٹ سے منظور ہوچکا ہے‘ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پر من وعن عملدرآمد کرایا جائے۔

قبل ازیں پاکستان کے کسی پہلے پریس کلب کے دورہ کے سلسلہ میں نیشنل پریس کلب آنے پر نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں اور دیگر عہدیداروں نے بلاول بھٹو زرداری کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ صحافی قلم کے مزدور ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی ویسے ہی مزدوروںکی جماعت ہے‘ صحافی برادری کے حقوق کی جدوجہد کیلئے ہر ممکن کوشش بروئے کار لائیں گے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے ) کے صدر محمد افضل بٹ نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ صحافی جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور ہر آمریت کے دور میں ان کی جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں‘ آئندہ بھی جمہوری نظام کو کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو صحافی جمہوری قوتوںکے ساتھ ہر اول دستہ ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں پیپلزپارٹی نے 5 سالہ آئینی مدت پوری کی جس پر خوشی ہے لیکن کارکنوں بالخصوص قلم کے مزدوروں کے مسائل پر وہ توجہ نہیں دی گئی جو دی جانی چاہئے تھی‘ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت مستقبل میں ان کمی کوتاہیوں کو دور کرے گی۔

نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم بلاول بھٹو کیلئے خیر مقدمی کلمات کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور بلاول کا بھرپور استقبال کیا۔