پشاور:سرحد چیمبر سٹی یونیورسٹی کے ساتھ مل کر بہت جلد چائنیز لینگویج کورسز شروع کرے گا،حاجی محمد افضل

جس سے صوبے کی بزنس کمیونٹی کو چائنا پاک اکنامک کاریڈور کے تناظر میں باہمی تجارت کے فروغ اور دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید لانے میں مدد ملے گی،سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا اعلان

پیر 17 جولائی 2017 21:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2017ء)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل نے سٹی یونیورسٹی کے باہمی اشتراک سے چیمبر ہائوس میں بزنس کمیونٹی کیلئے چائینز زبان سیکھنے کے حوالے سے تعارفی اور معلوماتی سیمینار اور ورکشاپ کرانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سرحد چیمبر سٹی یونیورسٹی کے ساتھ مل کر بہت جلد چائنیز لینگویج کورسز شروع کرے گا جس سے صوبے کی بزنس کمیونٹی کو چائنا پاک اکنامک کاریڈور کے تناظر میں باہمی تجارت کے فروغ اور دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید لانے میں مدد ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سٹی یونیورسٹی اور پشاور ماڈل کے سمرکیمپ میں چائنیز زبان کی ماہر مس گریس اور ثنان سیٹھی سے چیمبر ہائوس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے اُنہیں بتایا کہ چائنا پاک اکنامک کاریڈور پاکستانی معیشت کے لئے گیم چینجر ہے اور اس تناظر میں موجودہ وقت کا یہ تقاضا ہے کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو چائنیز زبان اور چائنیز بزنس کمیونٹی کو اردوزبان میں عبور حاصل ہو ۔

انہوں نے کہاکہ سرحد چیمبر صوبے کی بزنس کمیونٹی کے لئے چیمبر ہائوس اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں چائنیز لینگویج کورسز کا انعقاد کرے گا اور اس مقصد کے لئے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین برادر اور دوست ممالک ہیں اور اب سی پیک منصوبے کے بعد دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے اور کاروباری اعتبار سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے چائنیز لینگویج سیکھنے کا عمل ضروری ہوگیا ہے جس کے لئے سرحد چیمبر سٹی یونیورسٹی کے ساتھ مل کر انفارمیشن اور تعارفی سیمینارز کا انعقاد بھی کرے گا اور چائنیز لینگویج کورسز بھی شروع کئے جائیںگے۔