ایوان صنعت لاہور کا حکو مت سے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کی منصوبہ بندی کا مطالبہ

پیر 17 جولائی 2017 20:27

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کے اہم قومی اثاثے کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان اس اہم قومی اثاثے کی تباہی کا متحمل نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ صرف ایک قومی ادارہ ہی نہیں بلکہ ملک کا اہم دفاعی اثاثہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن منافع بخش اور سٹیل مصنوعات و خام مال سپلائی کرنے والا بڑا ادارہ تھا ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک کی دفاعی انڈسٹری کے حوالے سے بھی پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن بہت اہمیت رکھتی ہے ، اس وقت اس ادارہ کی پیداواری صلاحیت نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے درآمد شدہ ہاٹ رولڈ، کولڈ رولڈاور گلیونائزڈ سٹیل وغیرہ پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے جس پر بھاری زرمبادلہ خرچ ہورہاہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بہترین پالیسی کے ذریعے پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کے بحران پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کو بحران سے نکالنے کے لیے اقدامات اٹھانے سے دیگر پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔

متعلقہ عنوان :