آغا شہباز خان درانی مرحوم انتہائی ملنسار، خوش مزاج اور مثبت سوچ رکھنے والے انسان تھے، ایوان بالا میں ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی

مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان سینیٹ کا آغا شہباز خان درانی مرحوم کو خراج عقیدت

پیر 17 جولائی 2017 19:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے آغا شہباز خان درانی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتہائی ملنسار، خوش مزاج اور مثبت سوچ رکھنے والے انسان تھے، ایوان بالا میں ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں آغا شہباز خان درانی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی ریفرنس ہوا جس میں ارکان نے آغا شہباز خان درانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق کی طرف سے تعزیتی قرارداد پیش کئے جانے کے بعد قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے بھی قرارداد کی حمایت کی اور کہا کہ سینیٹر راجہ ظفر الحق نے آغا شہباز خان درانی کے لئے جن جذبات کا اظہار کیا ہے وہ اس کی تائید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

آغا شہباز خان درانی اس ایوان کے معزز ممبر تھے۔ سینیٹر اعظم سواتی نے بھی آغا شہباز خان درانی کی خدمات کو سراہا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آغا شہباز خان درانی کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی تھی اور وہ سب کو اپنا بھائی سمجھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز درانی مرحوم مثبت سوچ رکھنے والے انسان تھے، اپنے قبیلے کے سردار اور پارٹی میں بھی نمایاں مقام رکھتے تھے۔ سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ شہباز درانی بہترین قانون ساز تھے، اپنے لوگوں کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی۔

سینیٹر سعید الحسن مندوخیل نے کہا کہ آغا شہباز درانی مرحوم کا سب سے بہت اچھا رویہ اور برتائو تھا۔ حافظ حمد الله نے کہا کہ موت اٹل حقیقت ہے، ہر چیز پر انسانوں میں اختلاف ہے لیکن موت پر سب متفق ہیں، ہمیں اس کی تیاری کرنی چاہئے، الله تعالیٰ سے دعا ہے کہ آغا شہباز درانی مرحوم کا نعم البدل ہمیں عطاء فرمائے، ہم ان کے لئے دعا گو ہیں۔ سینیٹر نوابزادہ سیف الله مگسی نے کہا کہ آغا شہباز درانی مرحوم سینیٹ کا اثاثہ تھے، ہم سب ان کے لئے دعا گو ہیں۔

سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ آغا شہباز درانی مرحوم جواں سال اور قابل سینیٹر تھے، ہمیشہ پارلیمان کی بالادستی کے لئے کوشاں رہے، حکومتی پارٹی سے تعلق کے باوجود کئی مواقع پر ہمارا ساتھ دیا۔ سردار اعظم موسیٰ خیل نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ ہر غم اور دکھ کی گھڑی میں ارکان کے ساتھ ہوتے ہیں، آغا شہباز درانی مرحوم کے لئے ہم سب دعا گو ہیں۔

سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ شہباز خان درانی مرحوم خوش شکل اور خوش لباس تھے، الله تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہمیں الفاظ کے علاوہ اپنے عمل کے ذریعے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ بلوچستان میں وہ تبدیلیاں آ جائیں جس کا خواب شہباز درانی دیکھتے تھے اور بلوچستان کے عوام کے دکھوں کا مداوا کریں۔

ممتاز عاجز دھامرہ نے کہا کہ یہ ایوان بھی آغا شہباز درانی کا گھر تھا، وہ بہترین شخصیت کے مالک تھے، ان کی پارٹی اور ان کے صوبے کے عوام سے بھی تعزیت کرتے ہیں۔ شاہی سید نے کہا کہ شہباز درانی اچھے دوست اور اچھے انسان تھے، وہ خوش مزاج اور ملنسار تھے، وہ خاندانی روایات کے حامل تھے۔ محسن لغاری نے کہا کہ آغا شہباز درانی مرحوم زندگی سے بھرپور آدمی تھے، میرے برابر والی نشست پر بیٹھتے تھے، اس لئے میرے پاس الفاظ نہیں کہ اپنے دکھ کا اظہار کر سکوں، وہ ایک بہترین انسان تھے۔

سینیٹر سعود مجید نے کہا کہ آغا شہباز درانی بہت پیارے انسان تھے، ہم سب ان کے لئے دعا گو ہیں۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ آغا شہباز خوش گفتار و خوش لباس انسان تھے، شائستگی و خوش اخلاقی ان کا خاصہ تھی۔ سینیٹر نثار محمد نے کہا کہ شہباز درانی بہت ملنسار اور روایات نبھانے والے شخص تھے۔ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا کہ شہباز درانی بہترین انسان تھے، سیاسی جھگڑے ہمیں ایک دوسرے سے بات چیت سے حل کرنے چاہئیں۔

مشاہد الله خان نے کہا کہ کچھ لوگوں کے چہرے پر ہمیشہ مسکراہٹ رہتی ہے، کچھ کے چہروں پر مسکراہٹ مرنے کے بعد بھی رہتی ہے۔ زندگی میں ہم ایک دوسرے کے خلاف جبکہ مرنے کے بعد حق میں ہی بات کرتے ہیں، یہ ہماری روایت ہے، آج ارکان نے ان کے حق میں باتیں کیں لیکن آغا شہباز درانی ایسے شخص تھے جن کی زندگی میں بھی لوگ ان کے حق میں بات کرتے تھے۔ چیئرمین نے ان کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا جس پر ہم ان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سینیٹر نزہت صادق نے کہا کہ شہباز درانی زندگی سے بھرپور آدمی تھے، ہم ہمیشہ ان کے لئے دعا گو رہیں گے۔ سینیٹر ایم حمزہ، سینیٹر سحر کامران، سینیٹر روبینہ عرفان، سینیٹر نگہت مرزا، سینیٹر چوہدری تنویر خان، سینیٹر کلثوم پروین، سینیٹر سلیم ضیاء، تنویر الحق تھانوی، سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر تاج حیدر نے بھی آغا شہباز خان درانی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی اور کہا کہ یہ پورا ایوان ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔

متعلقہ عنوان :