محکمہ تعلیم کے جنرل کیڈر اور میونسپل کیڈر کو کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ،مستقبل قریب میں ان دونوں کیڈرز کو برابری کی بنیاد پر تمام سہولتیں حاصل ہونگیں ،میونسپل سکولوں کو بھی سرکاری سکولوں کی طرح اپ گریڈ کیا جائے گا ،اس میں خالی آسامیوں کو بھی جلد پُر کیا جائیگا

چیف ایگزیکٹوافسر ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کا ٹیچرز یونین چکوال کی تقریب حلف برداری سے خطاب

پیر 17 جولائی 2017 19:26

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے جنرل کیڈر اور میونسپل کیڈر کو کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں ،مستقبل قریب میں ان دونوں کیڈرز کو برابری کی بنیاد پر تمام سہولتیں اور ترقی کے مواقعے حاصل ہونگے جبکہ میونسپل سکولوں کو بھی سرکاری سکولوں کی طرح اپ گریڈ کیا جائے گا ،اس میں خالی آسامیوں کو بھی جلد پُر کیا جائے گا۔

وہ بروز پیر میونسپل ٹیچرز یونین ضلع چکوال کے عہدیداروں کی حلف برداری تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر اللہ بخش قیصر، محمد اشفاق ، محمد افضال، ضیاء اللہ اعوان نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ خطبہ استقبالیہ سیکرٹری جنرل اور ہیڈ مسٹریس ایم سی گرلز ایلیمنٹری سکول مسز عابدہ حلیمہ نے پیش کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ تقریب سے صدر طلعت محمود، نائب صدر آل رضا، سیکرٹری نشرو اشاعت طارق محمود، سیکرٹری فنانس نرگس ناہید، معاون خزانچی طارق محمود، عزیزہ بیگم ، نصرت شابان ، شفیہ بی بی،اور محمد فاروق نے بھی خطاب کیا۔

سیکرٹری جنرل عابدہ حلیمہ خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ضلع چکوال میں دس میونسپل کیڈر کے سکول چل رہے ہیں اور ایم سی کیڈر کے ٹیچرز بیس اور بچیس سال کی ملازمت مکمل کرنے کے باوجود 9نمبر سکیل میں جمود کا شکار ہیں، ان سکولوں میں پی ایس ٹی اساتذہ کی 29آسامیاں جبکہ ای ایس ٹی کی سات آسامیاں خالی ہیں جبکہ جنرل کیڈر کے اساتذہ کو ترقی کے بہت سارے مواقعے ہیں جو میونسپل کیڈر کو حاصل نہیں پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر اللہ بخش قیصر نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو اس وقت پانامہ پیپرز میں جو خفت اٹھانی پڑ رہی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے اساتذہ کی تذلیل کر رکھی ہے اور اساتذہ کو بے توقیر کرنے کا کوئی موقع حکومت خالی جانے نہیں دے رہی۔

انہوں نے تمام اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ، انشاء اللہ اساتذہ کے حقوق چھین کر حاصل کیے جائیں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے اپنے خطاب میں نئے حلف اٹھانے والے عہدیداروںکو مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ میرے دروازے تمام محکمہ تعلیم کے اہلکاروں کیلئے کھلے ہیں اور جلد ہی ایک واضح تعلیمی پالیسی سامنے آرہی ہے اور ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام سے تمام مسائل اب انشاء اللہ عوام کی دہلیز پر حل ہونگے۔

متعلقہ عنوان :