چین کے تجارتی وفد کا پاکستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں اظہار دلچسپی

چین کے سرمایہ کار جدید زرعی مشینری و ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرنے پر توجہ دیں ، خالد اقبال ملک

پیر 17 جولائی 2017 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) چین کے ایک تجارتی وفد نے چین کی وزارت تجارت کے نمائندے مسٹر لی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کا وفد پاکستان میں ریشم اور ملبری سمیت دیگر زرعی مصنوعات کی پیداوار کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں چین کے سرمایہ کار پاکستان میں ریشم کے کیڑے پیدا کرنے سمیت دیگر مصنوعات کیلئے ایک فارم قائم کرنا چاہتے ہیں اور دوسرے مرحلے میں وہ پاکستان میں ریشم تیار کرنے کی فیکٹری لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی وفد کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے تقریبا 30ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

چینی وفد کے سربراہ نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاروں کی طرف سے ریشم کی فیکٹری لگانے سے پاکستان ریشم کی پیداوار میں خودکفیل ہوجائے گا اور ان کو چین سے ریشم درآمد نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کا وفد پاکستان کے زرعی شعبے کو کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے پرکشش سمجھتا ہے اور ان کے موجودہ دورے کا مقصد پاکستان میں زرعی فارم قائم کرنے کیلئے مناسب زمین تلاش کرنا ہے تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے جو زرعی شعبے میں ترقی کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں فصلیں، بیج اور پھلوں کی پیداوار سمیت ڈیری فارمنگ، لائیوسٹاک اور دودھ کی پراسسنگ کے شعبے میں بھی جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے سرمایہ کار زراعت کی جدید مشینری و ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرنے پر توجہ دیں جس سے پاکستان کی زرعی پیداوار بہتر ہو گی اور فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کر کے مشرق وسطیٰ، مرکزی ایشیاء اور یورپ سمیت دیگر ممالک کی طرف زرعی برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پوٹھار خطہ اور ضلع چکوال ریشم کے کیڑے، زیتون کا تیل، ملبری اور انگور سمیت دیگر زرعی مصنوعات پیدا کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چین کے سرمایہ کاروں کو اس خطے میں فارمنگ کیلئے زمین تلاش کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے وفد کا استقبال کیا اور ان کا مقامی تاجروں سے تعارف کرایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زمین بہت زرخیز ہے لہذا چین کے سرمایہ کاری پاکستان میں زراعت کے میدان میں سرمایہ کاری کر کے منافع بخش نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر ایوب، ظفر بختاوری اور باسر دائود سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔