این ڈی ایم ای کی جانب سے ملک میں شدید بارشوں کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

پیر 17 جولائی 2017 19:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) نیشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے باعث کے ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ پیر کو این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری موسمیاتی رپورٹ کے مطابق ملک کے تمام دریاء معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں تاہم چناب میں مراحلہ اور خانکی کے مقام پر نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ، دریائے کابل میں نوشہرہ، دریائے جہلم میں منگلا اور دریائے چناب میں قادرآباد کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ اسی طرح دریائے چناب سے منسلک نالوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان بھی ہے۔ این ڈی ایم اے نے ملک میں جاری موسمی صورتحال کے پیش نظر 19 جولائی تک متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس سلسلہ میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں متاثرین کو غذائی اور دیگر ضروری اشیاء پر مشتمل امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے۔