نوازشریف کے عام انتخابات میں دوتہائی اکثریت لے کر چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہونگے ، سازشی عناصر کے وزیراعظم کو سیاست سے دور رکھنے کے تمام تر منصوبے ناکامی سے دوچار ہوں گے

وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کا آزادکشمیر حکومت کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب

پیر 17 جولائی 2017 19:22

نوازشریف  کے عام انتخابات میں  دوتہائی اکثریت لے کر چوتھی بار  وزیراعظم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نوازشریف 2018ء کے عام انتخابات میں بھی دوتہائی اکثریت لے کر ایک بار پھر وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوں گے اور سازشی عناصر کی اُن کو سیاست سے دور رکھنے کے تمام تر منصوبے ناکامی سے دوچار ہوں گے ۔

وہ پیر کو آزادکشمیر حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر کے اعزاز میںمنعقدہ ایک تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے اور وہ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کے ضمن میں عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو غلط ثابت کر کے دکھائیں گے انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی نے انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر ایک جانبداررپورٹ پیش کی ہے جس کو سپریم کورٹ میں غلط ثابت کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملک درست سمت میں ترقی کی منازل طے کرنا شروع کر تا ہے تو عمران خان جیسے چند عناصر ترقی کے اس عمل کو ڈی ریل کرنے کے درپر ہو جاتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان جیسے سازشیوں کو واضح طور پر علم ہے کہ وہ الیکشن کے میدان میں تو نوازشریف کو شکست نہیں دے سکتے لہذا انہوں ے نوازشریف کو سیاست سے دور کرنے کے لیے دیگر سازشی منصوبے ترتیب دیے جس کا اطلا ق عمران خان نے 2013 ء کے انتخابات کے بعد دھرنوں اور سازشوں کی صورت میں کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جس سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا اور اب وہ پاکستان کی معیشت کو ناقابل تسخیر بنانے کے مشن پر کاربند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان چار سالوں میں ملک میں دس ہزار میگا واٹ بجلی کا اضافہ کیا جارہا ہے جس سے ملک سے لوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ ممکن ہو جائے گا ۔ اس کے علاوہ ملک میں سی پیک منصوبے سے معاشی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ درجنوں کالے قوانین اور بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کے باوجود برہان وانی جیسے بہادر وغیور کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف نے مسئلہ کشمیر دُنیا کے ہرفورم پر بڑے موثر انداز سے اٹھایا ہے اور اس امر کو واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے تعلقات معمول پر نہیںآسکتے ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کی حکمت عملی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو دُنیامیں پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔انہوں نے اس امر کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی تمام تر سیاسی ،سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ سال انتخابات کے موقع پر آزادکشمیر کے عوام سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کر رہی ہے اور نہ صرف آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کر دیا گیا ہے بلکہ پی ایس ڈی پی اور سی پیک کے تحت بھی آزادکشمیر کو درجنوں منصوبوں کی مد میں اربوں روپے کا فنڈز فراہم کیا جارہا ہے جس سے آزادکشمیر میںترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف آزادکشمیر میں اپنے اُس وژن کی تکمیل کررہے ہیں جس وژن سے کشمیر کے عوام کو گزشتہ سال ریاستی انتخابات کے موقع پر روشناس کرایا گیا تھا اور جس کے نتیجے میں آزادکشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو تین چوتھائی اکثریت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر اور اُن کی کابینہ نے ایک سال میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آزادکشمیر میں شفافیت اور گڈ گورننس پر مبنی حکومت قائم کی گئی انہوں نے کہا کہ آج آزادکشمیر میں نوکریاں فروخت نہیں ہو رہی اور تمام اُمور میرٹ پر کیے جارہے ہیں۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان جیسے سازشیوں کی عنقریب تمام سازشیں ناکام ہوں گی اور پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو کر رہے گا۔ اس سے قبل وزیر اعظم آزادکشمیر اورآزادکشمیر کے سنیئر وزیرچوہدری طارق فاروق نے آزادکشمیر کے بجٹ کو دوگنا کرنے اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر محمدنوازشریف اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر کے خصوصی کردار کی تعریف کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر نے محمدنوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کاا ظہارکیا اور کہا کہ تمام تر حالات میں مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں تقریب کے آخر میں محمدنوازشریف سے اظہار یکجہتی کے لیے قرار داد بھی پاس کی گئی۔

متعلقہ عنوان :