افغانستان ، امریکی ڈرون حملوں میں10 پاکستانیوں سمیت داعش کے 26جنگجو ہلاک

دہشتگردوں کو ضلع رودات ، کوٹ اور ہیسکا مینا میں نشانہ بنایا گیا،عسکریت پسند اپنے ٹھکانوں میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ،ترجمان صوبائی پولیس حضرت حسین مشرقی وال صوبہ غور میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 13طالبان ہلاک، 9 زخمی گزشتہ سال کے مقابلے میں شہری ہلاکتوں میں 2فیصد اضافہ ہوا ، یکم جنوری سے 30جون تک 1662شہریوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی،اسی عرصے کے دوران زخمی شہریوں کی تعداد 3581کے ساتھ ایک فیصد گر گئی افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے شہری ہلاکتوں سے متعلق تازہ ترین اعدادوشمار پر مبنی رپورٹ جاری

پیر 17 جولائی 2017 19:15

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں میں10 پاکستانیوں سمیت داعش کے 26جنگجو ہلاک ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملوں میں داعش کے 26جنگجو ہلاک ہوگئے جن میں پاکستانی عسکریت پسند بھی شامل ہیں۔صوبائی پولیس کے ترجمان حضرت حسین مشرقی وال کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو ضلع رودات ، کوٹ اور ہیسکا مینا میں نشانہ بنایا گیا۔

حملوں میں 26داعشی جنگجو ہلاک ہوگئے جن میں 10پاکستانی جنگجو بھی شامل ہیں۔انکا کہنا تھاکہ عسکریت پسندوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے ٹھکانوں میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔ادھر مغربی صوبہ غور میں سیکورٹی چیک پوسٹوں پر طالبان نے حملے کیے ہیں اس دوران جوابی کاروائی میں 13جنگجو مارے گئے جبکہ 9دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی حکام کا کہنا حملہ مقامی وقت صبح ایک بجے کے قریب ضلع تیوارا میں کیا گیا جسے سیکورٹی فورسز نے ناکام بنادیا۔حملے کے بعد سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں جن میں 13جنگجو مارے گئے ۔دوسری جانب افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے ملک میں پرتشدد واقعات میں شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق تازہ ترین اعدادوشمار پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں شہری ہلاکتوں میں 2فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

یو این اے ایم اے کا کہنا ہے کہ خودکش حملوں سے شہریوں کی ہلاکتوں کی تعدادمیں اضافہ جاری ہے جس کا خواتین اور بچوں پر زیادہ اثر ہوا ہے ۔تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے امدادی مشن کے مطابق یکم جنوری سے 30جون تک 1662شہریوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جس میں گزشتہ سال اسی دورانیے میں 2فیصد اضافہ ہوا ہے ۔اسی عرصے کے دوران زخمی شہریوں کی تعداد 3581کے ساتھ ایک فیصد گر گئی ۔رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ چھ ماہ کے دوران 40فیصد شہری ہلاکتیں اور زخمی حکومت مخالف فورسز کی جانب سے دیسی ساختہ بم ڈیوائسز،خودکش حملوں دیگر دھماکہ خیز آلات کے باعث ہوئیں جس کے نتیجے میں 596شہری ہلاک اور 1483زخمی ہوئے ۔