ٹیکس ادائیگی کلچر پروان چڑھانے کیلئے بڑے عہدیداران کومثال بننا پڑے گا،سلیم رضا

پیر 17 جولائی 2017 19:00

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)ٹیکس کی ادائیگی ہمیشہ سے ہرایک کے لیے ایک مشکل مرحلہ رہا ہے تاہم ٹیکس کی رضاکارانہ طورپر ادائیگی کے کلچر کوپروان چڑھانے کیلئے بڑے بڑے عہدیداران اوربڑے لوگوں کو خود مثال بننا اور ٹیکس وصولی کے حکام کو مزید ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کرناہوگا،اپنی ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل چیف کمشنران لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس ملتان (آرٹی ملتان) سلیم رضا آصف نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ٹیکس نظام اور ٹیکس وصولی کے سسٹم میں بہت سی اصلاحات کی ضرورت ہوتی ہے ،اگرلوگ ٹیکس سے بچنے کے لیے جھوٹ بولیں گے یا بڑے کاروباری ادارے یا مختلف ایسوسی ایشنز حکومت کو پریشر میں لائیں گی تو پھرملک میں ترقیاتی کام یا عوام کوسہولیات کی فراہمی کیسے ممکن ہوسکتی ہے،انہوں نے کہاکہ ملتان آرٹی او آفس میں ایک بڑی اور ایئرکنڈیشنڈ مسجد کی تعمیروتوسیع اور ملتان کے ادیبوں،شعرا اور تاریخ پر مشتمل ایک بڑی لائبریری بھی آرٹی او ملتان میں قائم کرنے پر وہ اپنے اللہ تعالی کے حضور شکرادا کرتے ہیں۔