کپاس کے کاشتکار بارشوں کے دوران فصل کی نگہداشت یقینی بنائیں، ڈاکٹر زاہد محمود

پیر 17 جولائی 2017 19:00

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے کہا ہے کہ رواں سال زیادہ بارشوں کی توقع کی جارہی ہے جس کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات اختیار کئے جائیں ، زیادہ بارشیں کپاس کی فصل کیلئے نہایت نقصان دہ ہیں، کاشتکار وں کو چاہیئے کہ وہ مون سون بارشوں کے دوران اپنی فصل کی بہتر نگہداشت اور تحفظ کو یقینی بنائیں، موسم برسات میں نمی زیادہ ہو جانے کی وجہ سے کپاس کی فصل میں رس چوسنے والے کیڑوں کے حملہ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جس کیلئے ہفتہ میں دو بار فصل کا معائنہ بہت ضروری ہے،انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کاشتکار فصل کو رس چوسنے والے نقصان دہ کیڑوں کے حملے سے بچائیں اور بارشوں کا پانی اگر کھیت میں 24گھنٹوں سے زائد کھڑا رہے تو پودے کی بڑھوتری رک جائے گی اور 60 فیصد تک کپاس کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، اس کے علاوہ کپاس کے کھیتوں میں موجود جڑی بوٹیوں کے خاتمہ کو بھی یقین بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ زمینداروں کو چاہیئے کہ سپرے سے پہلے سی سی آر آئی ملتان اور محکمہ زراعت توسیع کے زرعی ماہرین کے مشوروں سے سفارش کردہ زہروں کا انتخاب کریں۔

متعلقہ عنوان :