کاشتکارچست تیلے سے بچائوکیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں،محکمہ زراعت

پیر 17 جولائی 2017 19:00

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) محکمہ زراعت ملتان کے ماہرین نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے چست تیلے کی افزائش کیلئے موسم انتہائی ساز گا ہوگیا ہے ،ہوا میں زیادہ نمی اور گرم موسمی حالات میں اس کیڑے کی افزائش تیزی سے ہوتی ہے، جیسڈ کیلئے موزوں درجہ حرارت 35-40سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے، یہ کیڑا جون اور جولائی میں کپاس پر حملہ آور ہوتا اور نومبر تک رہتا ہے، شدید حملہ کی صورت میں سپرے میں تھوڑی سی تاخیر سے پیداوار 20 سے 30 فیصد تک کم ہوسکتی ہے،ماہرین نے مزید کہا ہے کہ چست تیلے کے بچے 7 سے 21 دن اور بالغ 50-35 دن میں اپنا دوران زندگی مکمل کرتے ہیں اور پورا سال 11 نسلیں پوری کرتے ہیں جبکہ بالغ اور بچے دونوں پتے کی نچلی سطح سے رس چوس کر سبز مادی( کلوروفل) کی مقدار کو کم کردیتے ہیں جس سے پتوں کے کنارے گہرے پیلے اور بعد میں سرخی مائل ہوکر نیچے کی طرف مڑ جاتے ہیں اور بعد ازاں مڑ کر گرجاتے ہیں اور فصل جھلسی ہوئی نظر آتی ہے ،کپاس کے علاوہ یہ کیڑے باغات اور جڑی بوٹیوں میں بھی پرورش پاتے ہیں جبکہ موجودہ بارشوں کی وجہ سے کھیتوں میں اگنے والی جڑی بوٹیاں سبز تیلہ کی افزائش کیلئے متبادل خوراک کا باعث بن سکتی ہیں جن کی بروقت تلفی اس کیڑے کے تدارک کیلئے نہایت ضروری ہے ، محکمہ کے مطابق ہفتہ میں کم ازکم دو بار پیسٹ سکائوٹنگ کریں،اگر اس کا حملہ معاشی حد تک پہنچ جائے تو مقامی محکمہ زراعت کے عملہ کے مشورے سے سفارش کردہ زہروں کا بروقت سپرے کریں، سبز تیلے کے موثر کنٹرول کیلئے ہالوکون یا سالڈ کون نوزل استعمال کریں ، سپرے کیلئے پودے کی عمر اور قد کے لحاظ سے سپرے مشین کی کیلی بریشن( استعمال ہونیوالی پانی کے حجم کا اندازہ لگانا ) ضروری ہے ، سپرے صبح یا بعد از دوپہر کو کریں اور ہوا کے مخالف سمت سپرے نہ کریں ، باربار ایک ہی زرعی دوائی کا استعمال نہ کریں۔