میجر جنرل مسرت نواز ملک کی زیر صدارت اے این ایف کے فورس کمانڈرز کا اجلاس، محکمہ کے پیشہ وارانہ امور کا بغور جائزہ لیا گیا

منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات پر فورس کمانڈروں کی کارکردگی کی تعریف

پیر 17 جولائی 2017 18:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) اینٹی نارکوٹکس فورس کے فورس کمانڈرز کا اجلاس اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک، ہلال امتیاز (ملٹری) نے کی۔ اجلاس میں اے این ایف کے علاقائی دفاتر کے کمانڈروں اور سینئر سٹاف افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات پر فورس کمانڈروں کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے مصنوعی و کیمیائی طور پر تیار کی گئی منشیات کے استعمال سے متعلق بڑھتے ہوئے رحجانات کو بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران محکمہ کے پیشہ وارانہ امور کا بغور جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ملزمان خصوصاً تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے عناصر اور منشیات کے جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور ان کوکیفر کردار تک پہنچانے کیلئے جاری ملک گیر مہم کو مزیدتیز کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں۔

اجلاس کے دوران نفاذ قانون، انٹیلی جنس، تفتیش اثاثہ جات، پیروی مقدمات وقانونی چارہ جوئی، مالی و انتظامی امور اور محکمانہ صلاحیت میں اضافہ جیسے پہلو زیر بحث لائے گئے۔ علاوہ ازیں مستقبل کے اہداف مقرر کئے گئے اور نئے اقدامات عمل میں لانے اور محکمانہ استعداد بڑھانے کے منصوبوں پر خصوصی طور پر غورکیا گیا۔