رضاربانی ، مولانا عبدالغفور حیدری ، سینیٹر راجہ ظفرالحق اور چوہدری اعتزاز احسن کی فرنٹیئر کور کی گاڑی پر حملے کی مذمت

پیر 17 جولائی 2017 18:41

رضاربانی ، مولانا عبدالغفور حیدری ، سینیٹر راجہ ظفرالحق اور چوہدری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) ء چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے حیات آباد پشاور میں فرنٹیئر کور کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ جس میں میجر جمال شیران شہید اور چار اہلکار شدید زخمی ہو ئے۔میاں رضاربانی نے کہا کہ دہشت گرد کسی رعائت کے مستحق نہیں ۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے ۔ ایسی گھنائونی کاررئوائیاں کرنے والے عناصر کو اپنے انجام تک پہنچانے کیلئے مزیدسخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین سینیٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اس واقعے میںشہیدہونے والے میجر کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور انکے لواحقین کو یہ صد مہ صبرو حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے ۔انہوں نے اس واقعے میں زخمی ہونیوالوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ،سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق اور قائد حزب اختلاف سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے بھی فرنٹیئر کور کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی اور اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے میں شہیدہونیوالے میجر کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔