بلو چستان کے ضمنی انتخابات میں عثمان بادینی کی کامیابی جمعیت پر عوام کے اعتماد کامظہر ہے،فضل علی حقانی

پیر 17 جولائی 2017 18:38

صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر اور سابق وزیر تعلیم مولانا فضل علی حقانی نے کہا ہے کہ بلو چستان کے ضمنی انتخابات میں جے یو آئی( ف) کے امیدوار عثمان بادینی کی کامیابی جمعیت پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کامظہر ہے اور ثابت ہو تا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی پالیسیوںسے عوام خوش ہیں اور صرف انہیں ہی اپنا رہبر اور قائد مانتے ہیں۔

پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دین اسلام کی سر بلندی کے لئے جمعیت علماء اسلام ہر پلیٹ فارم پر آواز اُٹھاتی چلی آرہی ہے اور اس کے لئے عملی جدوجہد میں بھی پیش پیش ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں سیکولر قوتوں کے آگے جمعیت ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حلقہ این اے 260میں جمعیت کے امیدوار عثمان بادینی کی کامیابی اسلام دشمن عناصر کی شکست ہے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے کرپشن کے تمام حدود سے تجاوز کر دیا ہے آج بھی صوبے میں کرپشن جاری ہے جب کہ اسے روکنے والا کوئی نہیں ‘انہوں نے کہاکہ تبدیلی لانے والے صرف ایک صوبے میں تبدیلی نہ لا سکے تو پورے پاکستان میں کیا لائیںگے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے دور حکومت ایک مثالی دور تھا جس میں نہ کرپشن تھی نا ہی کسی قسم کی لا قانونیت ‘ علماء کرام ہی پاکستان کو مسائل سے نجات دلا سکتے ہیں‘ ہم اسلام اور شریعت کے نفاذ کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس پر مولانا فضل الرحمن کا واضح موقف ہے کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے نہ کہ کسی فرد واحد کو ٹارگٹ کیا جائے‘ غیر جمہوری طریقے سے حکومتوں کو ہٹانا کسی طور پر پاکستان کے لئے اچھا اقدام نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والا دو رایک بار پھر جے یو آئی کا ہے کارکن 2018کے انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کردیں اور آپس میں اتحاد و اتفاق بر قرار رکھیں۔

متعلقہ عنوان :