لاہور ہائیکورٹ ، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے طریقہ کار کیخلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب

پیر 17 جولائی 2017 18:29

لاہور ہائیکورٹ ، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کی تعیناتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے طریقہ کار کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار کے وکیل ملک اویس خالد ایڈوکیٹ نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے قائم کمیٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کے چیئرمین کو شامل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایچ ای سی کے وائس چانسلر کی تعیناتی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے امیداوروں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جو کہ آئین کے تحت شفافیت کے اصولوں کی نفی ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ایچ ای سی کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے طریقہ کار کو شفاف بنانے کا حکم دے جبکہ وائس چانسلر کی تعیناتی کے لئے پی ایچ ڈی رکھنے والے امیدواروں کو نظر انداز کرنے سے روکنے کے بھی احکامات صادر کرے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ پی ایچ ڈی کی سیٹ پرایم بی بی ایس ڈگری رکھنے والے امیدواروں کو کیوں ترجیح دی جا رہی ہے۔ عدالت نے حکومت پنجاب کو 19جولائی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔