چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی پشاور میں ایف سی کی گاڑی پر حملے کی مذمت

دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے، میاں رضا ربانی

پیر 17 جولائی 2017 17:52

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی پشاور میں ایف سی کی گاڑی پر حملے کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے حیات آباد پشاور میں فرنٹیئر کور کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں میجر جمال شیران شہید اور چار اہلکار شدید زخمی ہو ئے۔ پیر کو اپنے تعزیتی بیان میں میاں رضا ربانی نے کہا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے۔

ایسی گھناؤنی کارروائیاں کرنے والے عناصر کو اپنے انجام تک پہنچانے کیلئے مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ الله تبارک و تعالیٰ اس واقعہ میں شہید ہونے والے میجر کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو یہ صد مہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ انہوں نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق اور قائد حزب اختلاف سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے بھی فرنٹیئر کور کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی اور اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والے میجر کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔