آزاد کشمیر کابینہ کا وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ بھرپوریکجہتی کااظہار، استعفیٰ نہ دینے کے فیصلے کی توثیق

نواز شریف کی بہترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر دنیا کا فلش پوائنٹ بن چکا ،چوہدری محمد برجیس چین ،ترکی ،ایران کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرنے کا اعلان حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی اور کشمیریوں کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے،وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان جب بھی پاکستان ترقی کرتا ہے تو کوئی نہ کوئی مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے،راجہ فاروق حیدر امریکہ کی جانب سے ہندوستان کو ڈرون طیارے فراہم کرنا اور اسلحے کے معاہدے کرنا خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 17 جولائی 2017 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) آزاد کشمیر کابینہ ، پارلیمانی پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مرکزی تنظیم و ضلعی تنظیمات نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے اور وفاقی کابینہ کی جانب سے استعفیٰ نہ دینے کے فیصلے کی توثیق کی ہے ، جموں وکشمیر ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی،ضلعی صدور ،مسلم لیگ ن یوتھ ونگ، ایم ایس ایف این کے عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر مہمان خصوصی تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کرتا ہے تو کوئی نہ کوئی مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے ، امریکہ کی جانب سے ہندوستان کو ڈرون طیارے فراہم کرنا اور اسلحے کے معاہدے کرنا خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنا ہے،ایک مضبوط مستحکم پاکستان کی کشمیریوں کا موثر وکیل ثابت ہو سکتا ہے ،مسلم لیگ ن کے کارکن وزیر اعظم پاکستان میاںمحمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ،لیگی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی باغیرت اور نہ بکنے والے ہیں ،وہ نواز شریف کا ساتھ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں ،ان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں ،میڈیا میں سنسرشپ کارحجان ختم ہوتا جا رہا ہے اور ایک ساز ش کے تحت ملک کی جڑوںکو کھوکھلا کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے دانشوروں اور صحافیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ملکی معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔ انہوںنے کہا کہ بحیثیت کشمیری پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں پر تشویش ہے ۔

لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اشتعال انگیزی کررہا ہے ،کل بھی ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے 4فوجی جوا ن شہید ہوگئے ۔ آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام میاں محمد نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے ہم ان کے کارکن ہیں اورانہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیر امور کشمیر ایک منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہے انہوں نے مسلم لیگ ن کی کامیابی کیلئے انتخابات میں بھرپور مہم چلائی۔

وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی بہترین خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر اس وقت دنیا کا فلش پوائنٹ بن چکا ہے ، چین ،ترکی اور ایران کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر کردار ادا کرنے کا اعلان حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی اور کشمیریوں کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میاں نوا زشریف نے کہا ہے کہ تمام وسائل کشمیریوں کے لیے حاضر ہیں ، کشمیر ہمارا ہے ہم کشمیریوں کے ہیں ، انہوںنے کہا کہ پرویز مشرف کے آمرانہ اور محترمہ بینظیر بھٹو کے انتقامی احتساب کے باوجود میاں محمد نواز شریف پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی اور وہ اس محاذمیں بھی سرخرو ہوئے ۔

میاں محمد نواز شریف کا ایک ترقی یافتہ پاکستان بنانے کی کوششوں کی وجہ سے سزا دی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میاں محمد نواز شریف نے دبائو اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایٹمی دھماکے کیے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، انہوںنے عدلیہ کی بحالی کیلئے کام کیا ،پاکستان کو سی پیک کا منصوبہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بھی سی پیک کا حصہ بننا چاہتا تھا لیکن اس پر واضع کر دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ہندوستان سی پیک کا حصہ نہیں بن سکتا۔

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی گزشتہ ایک سالہ کارکردگی شاندار رہی ہے ، حکومت نے میرٹ پر کام کیا اور اپنی ترجیحات کے مطابق ڈلیور کیا۔ فاروق حیدر میرے وزیر اعظم ہیں ،یہ سابق وزیر اعظم کی طرح کمزور وزیر اعظم نہیں ،ہم نے آزاد کشمیر میں نوکریاں نہیں بیچیں بلکہ غریبوں کے بچوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں ، ہماری حکومت میرٹ کی پاسدار حکومت ہے ،انہوں نے کہاکہ اس سے بڑھ کر آئین وقانون کی بالادستی کی بہترین مثال کیا ہو سکتی ہے کہ وزیر اعظم اور ان کا پورا خاندان گریڈ اٹھارہ کے آفیسر کے سامنے پیش ہوئے ۔

انہوںنے کہا کہ میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے ،2018کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آزاد کشمیر کے انتخابات میں کشمیری عوام نے میاں محمد نواز شریف کو ووٹ دیے جس میں کارکنوں کی محنت بھی شامل ہے ، مسلم لیگ ن کی حکومت نے چار سالوں میں 10ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جبکہ گزشتہ 70سالوںکے دوران صرف 12ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی گئی ۔

ہماری حکومت نے 30ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ عام انتخابات میں جس طرح سے وزیر امور کشمیر نے کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی، آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وزیر امور کشمیر نے ہمیشہ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔آخر میں صاحبزادہ محمد سلیم چشتی نے دعا کرائی جبکہ ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی نے میزبانی کی ۔