مالی سال 2016-17ء نجی شعبے کے قرضوں کی شرح میں 17 فیصد اضافہ

توانائی شعبے نے 20فیصد سالانہ کے اضافے سے قرضے حاصل کیے ،ٹیکسٹائل شعبے می4فیصد کا اضافہ ہواہے، مرکزی بینک

پیر 17 جولائی 2017 16:57

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) مالی سال 2016-17 کے دوران نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضوں کی شرح میں 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ دس سال کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ہے ، مالی سال 2009 تا 2012 کے دوران نجی شعبے کی جانب سے حاصل کیے گئے قرضوں میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا تھا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مارچ تک نجی شعبے کو فرام کردہ قرضوں کی شرح اس سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 17 فیصد زائد رہی ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق قبل ازیں ٹیکسٹائل کا شعبہ سب سے زیادہ قرضے حاصل کرنے میں سرفہرست رہتا تھا ،تاہم گزشتہ تین سال کے دوران بجلی کی پیداوار اور ترسیل وغیرہ کیلئے توانائی کے شعبے نے مجموعی جاری قرضوں میں سے 20فیصد سالانہ کے اضافے سے قرضے حاصل کیے ہیں جبکہ دوسری جانب گزشتہ تین سال میں ٹیکسٹائل شعبے کے حاصل کردہ قرضوں میں سالانہ 4 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق حکومت توانائی کے شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ قومی معیشت کی ترقی کیلئے توانائی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا کر اقتصادی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔