وزیراعظم محمد نوازشریف کو پہلے ایٹمی دھماکوں ، اب سی پیک اور ترقی کے دیگر منصوبوں کی سزا دی جا رہی ہے

مسلم لیگ(ن) پاناما کیس میں عدالت سے سرخرو ہو کر نکلے گی، دھرنے اور امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرنے والے اپنی سازشوں میں ایک بار پھر ناکام ہوں گے، ملک سجا د

پیر 17 جولائی 2017 16:54

وزیراعظم محمد نوازشریف کو پہلے ایٹمی دھماکوں ، اب سی پیک اور ترقی کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ویوسی 34 اسلام آبادکے چیئرمین ملک سجا د نے کہاہے کہ دھرنے اور امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کرنے والے اپنی سازشوں میں ایک بار پھر ناکام ہوں گے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) پاناما کیس میں عدالت سے سرخرو ہو کر نکلے گی ۔انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جے آئی ٹی کے کردار پر اٹھنے والے سوالات نے شفافیت کو مشکوک کردیا ہے،انصاف کے بجائے انتقام کی بو آ رہی ہے،عوام صرف محمد نوازشریف کو وزیراعظم کے روپ میں دیکھناچاہتے ہیں،چوردروازے سے اقتدار کی خواہش رکھنے والے ناکام ہوںگے،انھوں نے کہا کہ ان سازشی عناصر کو اچھی طرح معلوم ہے کہ وہ ووٹ سے تو نوازشریف کو ہرا نہیں سکتے اس لئے انہوں نے دھرنے اور کبھی امپائر کی انگلی اٹھنے کا انتظار کیا مگر ہر بارناکامی ان کا مقدر بنی اس بار بھی جے آئی ٹی کا سہارا لیکر حکومت گرانے کی سازش کی جا رہی ہے مگروزیراعظم محمد نوازشریف ایک بارپھر تمام تر سازشوں کے باجود سرخروہوںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کو پہلے ایٹمی دھماکوں اور اب سی پیک اور ملکی ترقی کے دیگر منصوبوں کی سزا دی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ سی پیک اور تعمیر وترقی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ملک کی خدمت نہیں اقتدار کیلئے ملک دشمنی کررہے ہیں لیکن ہمشہ کی طرح اب بھی انھیں ناکامی ہو گیا اور آئندہ حکو مت بھی پاکستان مسلم لیگ کی ہوگی۔