Live Updates

پاکستان کے حالات کا تقاضہ ہے ہم پی ٹی آئی کشمیر کو مضبوط کرکے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں،بیرسٹر سلطان محمود

وزیراعظم نواز شریف کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے ،برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے میرا پہلے بھی ساتھ دیا اب بھی میرا ساتھ دیں ، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 17 جولائی 2017 16:44

اسٹوک آن ٹرنٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم پی ٹی آئی کشمیر کو مضبوط کرکے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔وزیراعظم نواز شریف کی کرپشن اب بے نقاب ہو چکی ہے ،برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے میرا پہلے بھی ساتھ دیا ہے اور اب بھی پہلے سے بڑھ کر میرا ساتھ دیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو تیز تر کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو یہاں اسٹوک آن ٹرنٹ میں پی ٹی آئی کشمیر کے پارٹی کے کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کنونشن کی صدارت پی ٹی آئی کشمیر مڈلینڈ کے صدر چوہدری خادم حسین نے کی جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر اسٹوک آن ٹرنٹ کی تنظیم کا بھی اعلان کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس کے مطابق پی ٹی آئی کشمیر اسٹوک آن ٹرنٹ کے صدرچوہدری ذوالفقارعلی ، سینئر نائب صدرراجہ اورنگزیب،جنرل سیکریٹری چوہدری امجد حسین، نائب صدرراجہ صغیر، نائب صدرراجہ ذوالفقار احمد وینس، نائب صدرچوہدری انصر،چیف آرگنائزر چوہدری الیاس،جوائنٹ سیکریٹری چوہدری سلیم،سیکریٹری فنانس چوہدری لطیف، سیکریٹری سوشل میڈیا سردار وقاص خان ہونگے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب پاکستان اور آزاد کشمیر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور اب نواز شریف صبح گیا کہ شام گیا ان کا جانا ٹھہر گیا ہے،آئندہ دور پی ٹی آئی کا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اب عوام پی ٹی آئی کشمیر کو منظم کرکے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔ پی ٹی آئی کشمیر اب ایک بڑی عوامی طاقت بن چکی ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ نے نواز مودی گٹھ جوڑ کا پردہ چاک کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ آئے روز لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے میرا پہلے بھی ساتھ دیا ہے اور اب بھی پہلے سے بڑھ کر میرا ساتھ دیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو تیز تر کیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات