بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کے پہاڑ توڑنے کیساتھ کشمیریوں کی نسل کشی کے خطرناک منصوبے پر کام کررہی ہے ، چودھری محمد یاسین

برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین کشمیریوں کی نسل کشی ،انسانیت کیخلاف جرائم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر اسمبلی

پیر 17 جولائی 2017 16:44

بریڈفورڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) آزادجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کے پہاڑ توڑنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی نسل کشی کے خطرناک منصوبے پر کام کررہی ہے برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین کشمیریوں کی نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔

وہ آج یہاں بریڈ فورڈ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس تقریب میں ممبر برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ، راجہ یٰسین، عمران حسین ، امجد بشیر اوردیگر بھی شریک تھے ۔ چودھری محمدیٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز آٹھمقام میں قابض بھارتی افواج نے پاکستانی افواج کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس سے 4فوجی جوان شہید ہو گئے بھارتی افواج کے اس وحشیانہ طرز عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ کسی بھی مہذب انسانی معاشرے میں نہیں ہوتا کہ بے گناہ افراد پر بلا اشتعال فائرنگ کی جائے انہوں نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم بھارت کے اس سنگدلانہ اور غیر مذہب طرز عمل کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی ان انتہا پسند کارروائیوں سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے بھارتی حکومت مسلسل سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کررہی ہے اور بے گناہ کشمیریوں کو شہید کررہا ہے دفاع وطن کیلئے پوری کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ہم افواج پاکستان کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ اور افواج پاکستان کی دفاع وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور سیز فائر لائن پر فرنٹ لائن دفاع کا کردار ادا کرنے والے عوام کے عزم اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تا کہ کشمیری عوام اپنا پیدائشی حق حق خودارادیت حاصل کرسکیں ۔70سالوں سے استصواب رائے کیلئے قراردادیں اقوام متحدہ کے پاس موجود ہیں ان قراردادوں پر فوری عملدرآمد کروایاجائے۔