پرویز مشرف کی پشاور دھماکے کی مذمت

پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین فوجوں میں سے ایک ہے ،ادارہ دشمنوں کو ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگا ، سابق صدر

پیر 17 جولائی 2017 16:18

پرویز مشرف کی پشاور دھماکے کی مذمت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئر مین اور سابق صدر پاکستان سید پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو افسوسناک قرار دیا ہے، سابق صدر سید پرویز مشرف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین فوجوں میں سے ایک ہے اور پاکستان کا یہ ادارہ دشمنوں کو اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا ، ہمارے جوانوں کو نشانہ بنایا جانا اس بات کی دلیل ہے کہ ارض پاک کے دشمن ہمیں پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے، وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں، ہم اپنے دشمنوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ چاہے وہ جتنے بھی ناپاک عزائم رکھتے ہوں ہم پاکستان کی جانب اٹھنے والی ہر میلی نظر کا خاتمہ کرنا جانتے ہیں، سید پرویز مشرف نے شہید اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔