پوری قوم اور سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے خلاف کوئی قدم برداشت نہیں کریں گی‘شجاعت حسین

پیر 17 جولائی 2017 16:18

پوری قوم اور سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے خلاف کوئی قدم برداشت نہیں ..
لاہور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پوری قوم اور سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے خلاف یا اس کی توہین و تذلیل کیلئے اٹھایا جانے والا کوئی قدم برداشت کریں گی۔ وہ طارق بشیر چیمہ ایم این اے، محمد بشارت راجہ اور ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی کے ہمراہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج میں پہلی بار پانامہ کیس کی سماعت پر سپریم کورٹ کی حمایت میں یہاں آیا ہوں، فاضل عدالت کا فیصلہ ایسا ہو گا جو پاکستان کو نئی راہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ جے آئی ٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ان کو یاد رکھنا چاہئے کہ سپریم کورٹ کو جے آئی ٹی بنانے کیلئے 600 افراد کی لسٹ موصول ہوئی تھی جن میں سے صرف 6اہل افراد کو منتخب کیا گیا، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ 6افراد کتنے مخلص ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ معاملہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آیا ہے اب سپریم کورٹ پاکستان کی تقدیر کے اس تاریخی کیس کا جو بھی فیصلہ کرے قبول کریں گے کیونکہ جج صاحبان نے کہا تھا کہ تاریخی فیصلہ دیں گے، پانامہ کیس کا فیصلہ اب سپریم کورٹ تک محدود نہیں بلکہ اب یہ اوپر تک جائے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ جو کام پارلیمنٹ کو کرنا تھا مگر نہیں کیا وہی کام اب سپریم کورٹ کو کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن کو ہم ساتھ لے کر چلیں گے اور وزیراعظم کو اب تک استعفیٰ دے د ینا چاہئے تھا۔