البغدادی کے زندہ ہونے کا 99 فیصد یقین ہے، کرد عہدیدار

پیر 17 جولائی 2017 15:16

البغدادی کے زندہ ہونے کا 99 فیصد یقین ہے، کرد عہدیدار
بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء)انسداد دہشت گردی سے متعلق ایک سینئر کرد عہدے دار لاہور طالبانی نے باور کرایا ہے کہ انہیں 99 فیصدیقین ہے کہ داعش تنظیم کا سربراہ ابو بکر البغدادی ابھی تک زندہ ہے اور وہ شام کے شہر رِقہ کے جنوب میں موجود ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبانی کا یہ انکشاف ان متعدد قیاس آرائیوں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ داعش کا سربراہ ہلاک ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کرد عہدے دار نے بتایا کہ توقع ہے کہ مستقبل میں داعش کے سربراہ ان انٹیلی جنس افسران میں سے ہوں گے جنہوں نے صدام حسین کے دور میں خدمات انجام دیں اور انہیں تنظیم کی حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے ترجیح حاصل ہے۔لاہور طالبانی نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ ہزیمت سے دوچار ہونے کے بعد داعش تنظیم بھی القاعدہ تنظیم کی روش اپناتے ہوئے گوریلا جنگ کا راستہ اختیار کرے گی مگر اس کی کارروائیاں انتہائی پرتشدد ہوں گی۔