آئی سی سی ویمنر ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی ، میڈیا سے بات کرنے سے انکار

کائنات امتیاز،بسمہ معروف،ڈائنا بیگ،عائشہ ظفر،نہیدہ بی بی،اسماویہ کوچ سبیح اظہر سمیت دیگر شامل ، کپتان ثناء میر نجی مصروفیات کے باعث واپس نہیں آئیں میڈیا سے بات کرنے سے انکار ، کھلاڑیوں کیلئے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہ ہونے کے باعث ایک کھلاڑی اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پرگھرروانہ ہوئی

پیر 17 جولائی 2017 15:16

آئی سی سی ویمنر ورلڈ کپ میں ناکامی کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی وطن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2017ء) آئی سی سی ویمنر ورلڈ کپ 2017ء میں ساتوں میچز ہارنے کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم گزشتہ روز نجی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئی،کھلاڑیوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہ ہونے کے باعث ایک کھلاڑی اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پرگھرروانہ ہوئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ میں شرمناک شکست کے بعد فلائیٹ نمبرای کی624 کے ذریعے انگلینڈ سے براستہ دبئی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی۔

وطن واپس آنے والی کھلاڑیوں میں کائنات امتیاز،بسمہ معروف،ڈائنا بیگ،عائشہ ظفر،نہیدہ بی بی،اسماویہ کوچ سبیح اظہر سمیت دیگر کھلاڑی اور آفیشلز بھی شامل تھے تاہم کپتان ثنا میر نجی مصروفیات کی بنا پر واپس نہیں آسکیں۔

(جاری ہے)

لاہور ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا جبکہ کھلاڑیوں کے استقبال کے لئے شائقین بھی ایئرپورٹ پر موجود نہ تھے۔

خواتین کھلاڑیوں کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیاتھا۔ ناشرا سندھو کو والد کے ساتھ موٹر سائیکل پرہی گھرجانا پڑا۔جبکہ دیگر خواتین کھلاڑی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھروں کوروانہ ہوگئیں۔ ٹیم ایونٹ میں ایک بھی میچ نہ جیت سکی ۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان ناخوش ہیں جبکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے تمام میچز میں ناکامی پر انہوں نے پہلے ہی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار خان ویمن کرکٹ ٹیم میں جلد تبدیلیوں کے حق میں ہیں جب کہ ٹیم کی کپتان ثنا میر بھی جلد اپنی ریٹائر منٹ کا اعلان کریں گی۔

متعلقہ عنوان :