نوجوان طلباء و طالبات کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کے ساتھ کامیاب زندگی گزارنے کے ہنر سکھانے کی بھی ضرورت ہے، اعجاز حسین

پیر 17 جولائی 2017 14:47

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)ستارہ کیمیکل گروپ کے ڈائریکٹرچیف ایگزیکٹو سیکرٹریٹ اینڈ ایچ آر اعجاز حسین نے کہا ہے کہ نوجوان طلباء اور طالبات کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ کامیاب زندگی گزارنے کے ہنر سکھانے کی بھی ضرورت ہے۔ذاتی ارتقا کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت زیادہ تر سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا مقصد صرف روایتی تعلیم کا فروغ ہے جبکہ علی فاطمہ کالج نے طلبہ میں مثبت رویوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بامقصد اور کامیاب زندگی گزارنے کے اصول ازبر کرا نے کا بھی سلسلہ شروع کیا ہے تاہم اس سلسلہ میں مختلف لوگوں سے باہمی روابط کار کے منظم طریق کار کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کامیاب زندگی کے مقاصد کو جتنی جلدی ہوسکے حاصل کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ علی فاطمہ کالج میں کامیاب زندگی کے سنہری اصولوں کے بارے میں آگاہی کیلئے اس سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے جس سے نوجوانوں اور طلبہ کے علاوہ مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنل بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ انہوںنے انسانی وسائل کے بارے میں پریزیٹیشن دی اور بتایا کہ ستارہ گروپ ملک کا ایک کامیاب ترین صنعتی ادارہ ہے جس کی کامیابی میں اس کے لیڈرزحاجی بشیراحمدمرحوم اورمیاںمحمدادریس کے رہنما اصولوںپربھی روشنی ڈالی گئی جن کے خلوص اور ایمانداری کے ساتھ ساتھ ان کے ورکروں کی انتھک محنت بھی شامل ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ ان کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ کامیاب زندگی گزارنے کے اصولوں اور طریقوں سے روشناس کرانا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنے خاندان اور ملک پر بوجھ بننے کی بجائے ملک و قوم کا سرمایہ ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ستارہ گروپ مزید تعلیمی اداروں کے قیام پر توجہ دے رہا ہے جہاں روایتی تعلیم سے ہٹ کر عملی زندگی سے نبر دآزما ہونے کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی بھی تربیت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان خداد اد صلاحیتوں کے مالک ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی ان صلاحیتوں سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کا فن سکھایا جائے اور آج کے اس سیمینار کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے۔مہمان خصوصی ستارہ کیمیکل گروپ جنر ل منیجر آڈٹ کنٹرول انفورسمنٹ انوار الحق نے علی فاطمہ کالج آف سائنس اینڈ مینجمنٹ کے نوجوان طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ حصول تعلیم اور اپنی کردار سازی کیلئے ستارہ گروپ کے تعلیمی اداروں کا انتخاب کریں جہاں سے انہیں کامیاب عملی زندگی کی گارنٹی بھی ملے گی۔

تقریب سے وائس پرنسپل محمد سجاد امین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اس تعلیمی ادارے میں ایسا ماحول قائم کیا جارہا ہے جہاں طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے اس مقصد کیلئے کالج کے اساتذہ طلبہ کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ اس فری سیمینار میں 120 سے زائد طلبہ نے شرکت کی اور اس تعلیمی ادارے اور یہاں مہیا کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں سراہا ۔ جبکہ شرکاء میںسرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔