فیصل آباد میں عالمی معیار کا سنتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک مکمل

پیر 17 جولائی 2017 14:47

فیصل آباد میں عالمی معیار کا سنتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک مکمل
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2017ء)فیصل آباد کے شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم و پارک فردوس کالونی جھنگ روڈ میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے عالمی معیار کا سنتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک مکمل ہو چکا ہے جسے اتھلیٹکس کی کھیلوں کے شائقین کے لئے عنقریب کھول دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم و پارک کا دورہ کیا ۔

مسلم لیگی رہنما رانا احمد شہریار خاں بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال ‘ ا یکسین بلڈنگر طاہر انجم ‘ایس ڈی او سارہ قمر ‘ ڈائریکٹر پی ایچ اے عبدالله چیمہ ‘ کیئرٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر ‘ کرکٹ سٹار سعید اجمل ‘ چیئرمین یونین کونسل میاں رشید ‘ رانا الیاس و دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سنتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے اتھلیٹکس کی مختلف کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا اور اس ٹریک کی پائیدار بنیادوں پر حفاظت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریک کی مختلف جہگوں پر گھاس کی نشو ونما کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں جبکہ پانی کے نکاس کے لئے سیوریج کے نظام کو بھی نئے سرے سے چیک کریں۔

انہوں نے سٹیڈیم اور پارک کو سرسبز و شاداب رکھنے کے لئے پانی کی دستیابی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں دیرپا بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اتھلیٹکس ٹریک کی فنشنگ کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے اضافی فورس لگائیں اور خوبصورت لینڈ سکیپنگ کے ساتھ منصوبے کو پر کشش اور خوشنما بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے گیارہ ملین روپے کے فنڈز سے تعمیر ہونے والے یوتھ ہاسٹل کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو قیام کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے اس ہاسٹل کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کیاجائے۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ دو منزلہ یوتھ ہاسٹل میں بڑے سائز کے 8 کمرے ‘ ڈائنگ ہال ‘ویٹنگ ایریا اور انتظامی دفاتر کی تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں ایک سو کے قریب کھلاڑیوں کے ٹھہرنے کی گنجائش ہو گی اور یہ ہاسٹل آئندہ دو ماہ کی مدت میں مکمل کر لیا جائیگا ۔مسلم لیگی رہنما رانا احمد شہریار خاں نے شہباز شریف سپورٹس سٹیڈیم و پارک کے منصوبے کو نہ صرف حلقہ کے عوام بلکہ ضلع بھر کے شہریوں کے لئے ایک بہترین تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کے اس سنتھیٹک اتھلیٹکس ٹریک پر مقامی ‘ قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلے منعقد ہونگے جس کی بدولت عالمی سطح پر علاقے اور شہر کا نام روشن ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ شعبہ سپورٹس میں یہ منصوبہ شہر میں ایک بڑے سپورٹس سٹیڈیم کے اضافے کا باعث ہے جسکی بدولت کھیلوں کے شائقین اور شہریوں کو تفریح کے لئے بہترین سہولیات میسر آئیں گی ۔ انہوں نے منصوبے کو تیزی رفتاری سے مکمل کرانے پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا ۔